مودی کو ’شہنشاہ‘ سمجھ لیا گیا ، سونیاگاندھی کا طنز

رابرٹ واڈرا پر الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا چیلنج
رائے بریلی (یوپی) 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج این ڈی اے حکومت کی دوسری سالگرہ تقاریب پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو ’شہنشاہ‘ قرار دیا۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی کے وزراء نے اُنھیں ’شہنشاہ‘ کا رتبہ دے دیا ہے اور آج جشن منارہے ہیں۔ اُن کے د اماد رابرٹ وڈرا پر حکومت کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اُنھوں نے حکومت کو چیلنج کیاکہ اگر کوئی ایسی بات ہے تو غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں تاکہ حقیقت سامنے آجائے۔ کانگریس سے پاک ہندوستان کے نعرہ پر اُنھوں نے کہاکہ کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ اُنھیں جھوٹے الزامات عائد کرنے کی آزادی ہو اور اپنی خامیوں پر عذر لنگ کی آزادی حاصل ہوجائے۔ اُنھوں نے ایسی حکومت پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔ مرکزی وزیر جیتندر سنگھ نے سونیا گاندھی کے ریمارک کو جمہوریت کی توہین کے مترادف قرار دیا۔