مودی کا جامع مسجد استقلال کا دورہ ، پتنگ بازی میں شرکت

جکارتہ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے انڈونیشیا کی جامع مسجد استقلال کا دورہ کیا جسے جنوب مشرقی ایشیا کی اعظم ترین مسجد تصور کیا جاتا ہے۔ مودی اس وقت انڈونیشیا کے پہلے سرکاری دورہ پر ہیں ۔ مسجد استقلال میں حاضری کے وقت صدر انڈونیشیا جوکو وڈوڈو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انڈونیشیائی کی آزادی کی علامت کے طور پر تعمیر کی گئی، اس مسجد کو عوام کے لئے 1978ء میں کھولا گیا۔ اپنے ٹوئٹ میں بھی مودی نے مسجد استقلال کے دورہ پر خوشی کا اظہار کیا۔ دوسری طرف وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا مقدس ماہ رمضان المبارک چل رہا ہے اور اس ماہ میں جنوب مشرقی ایشیا کی اعظم ترین مسجد استقلال کا دورہ یقینا اہمیت کا حامل ہے۔ یاد رہے کہ سابق میں اس مسجد کا دورہ کرنے والے عالمی قائدین میں سابق امریکی صدور بارک اوباما، بل کلنٹن، برطانیہ کے پرنس چارلس، جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور سعودی عرب کے شاہ سلمان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں قائدین نے ہندوستان کا مشہور ہندو دیو مالائی کتابوں رامائن اور مہارت کے تھیم پر مشتمل پتنگ بازی میں بھی حصہ لیا۔ دونوں قائدین نے پتنگیں اڑائیں اور پتنگ نمائش میں بھی حصہ لیا جو ہندوستان اور انڈونیشیا کے صدیوں پرانے تعلقات کی عکاس ہے۔

ہندوستان اورانڈونیشیا میں دفاعی تعاون سمیت 15معاہد ے
نئی دہلی۔30مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندستان اور انڈونیشیا نے اپنے دفاعی تعاون معاہدہ کی تجدید کرنے کے ساتھ ساتھ خلا، ریلوے ، سائنس و تکنالوجی ، صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے 15معاہدوں پر آج دستخط کئے ۔ان میں سے چھ معاہدے مختلف سرکاری اور غیرسرکاری تنظیموں کے درمیان ہوئے ۔ انڈونیشیا کے بالی اور ہندستان کی اتراکھنڈریاستوں کو ‘یکساں ریاست’ بنانے کا بھی اعلان کیا گیا۔وزیراعظم مودی اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو کے مابین آج یہاں ہوئی دو طرفہ چوٹی میٹنگ میں ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ دونوں ممالک نے اس موقع پر مشترکہ بیان اور ہندستان انڈونیشیا سمندری تعاون پر ایک الگ مشترکہ ویزن پیپر بھی جاری کیا۔مسٹر مودی نے یہاں انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انڈونیشیا میں حال ہی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی اور کہاکہ اس افسوسناک اور چیلنج سے پر وقت میں ہندستان انڈونیشیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑا ہے ۔مودی نے کہاکہ ہمارے مابین ہوئے معاہدوں سے ہمارے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے اپنی شراکت داری کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے طورپر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم 2025تک دو طرفہ تجارت کو 50 ارب ڈالر کی سطح تک لے جانے کے لئے اپنی کوششیں دوگنی کریں گے ۔دونوں ممالک کے مابین جن دستاویزات پر دستخط ہوئے ہیں ان میں دونوں ممالک کے دفاعی وزرا کے ذریعہ دستخط کردہ دفاعی تعاون معاہدہ، بالائی خلاکا پرامن مقاصد کے لئے زیادہ سے زیادہ استعمال، سائنس و تکنالوجی کے شعبہ میں تعاون، ریلوے کے شعبہ میں تیکنیکی تعاون، صحت شعبہ میں تعاون، دوائیں، تھنک ٹینکوں کے بیچ پالیسی ساز مسائل پر بات چیت بڑھانے ، انتظامی حکام کی تربیت، دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کے 70برس مکمل ہونے کے موقع پر پروگراموں کے انعقاد وغیرہ کے معاہدے شامل ہے ۔