مودی پر سیاسی فائدہ کیلئے فوج کی قربانیوں کے استحصال کا الزام

عوام کو کچھ نہیں ملا، انیل امبانی کو 30000کروڑ روپئے کی معاملت مل گئی: راہول گاندھی
پٹھانا پورم (کیرالا) ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر آج سخت تنقید کرتے ہوئے وہ گذشتہ پانچ سال کے دوران اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ہیں۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم مودی سیاسی فائدہ کیلئے ہندوستانی سپاہیوں کی بہادری اور قربانیوں کا استحصال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے جو وعدے آپ سے کئے تھے وہ پورے نہیں کرسکے لیکن رافیل معاملت میں انیل امبانی کو 30,000 کروڑ روپئے مل گئے۔ وزیراعظم اگرچہ قوم پرستی کی باتیں تو بہت کیا کرتے ہیں لیکن سب سے بڑی دفاعی معاملت ایک ایسے شخص کو دیئے ہیں جس نے کبھی ایک طیارہ بھی نہیں بنایا‘‘۔ کانگریس کے صدر ضلع کولم کے سینٹ اسٹیفن کالج گراؤنڈس پر ایک انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے سنگھ پریوار کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیاکہ ملک فی الحال بی جے پی ۔ آر ایس ایس حملے کی زد میں ہے اور ایک طرف بی جے پی اور دوسری طرف کانگریس کے درمیان نظریاتی لڑائی جاری ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’آپ (بی جے پی ؍ آر ایس ایس) خواہ کتنے مرتبہ ہم پر حملے کریں اس سے کوئی فرق نہیں ہوگا اس کے باوجود ہم محبت و عدم تشدد کے راستہ پر چلتے ہوئے باور کرادیں گے کہ آپ (بی جے پی ؍ آر ایس ایس) غلطی پر ہیں‘‘۔ کانگریس کے صدر نے مزید کہا کہ ’’ہمارے وزیراعظم پچھلے پانچ سال کے دوران بے شمار وعدے کرچکے ہیں۔ دو کروڑ ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ بینک کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے رکھے جائیں گے۔ کسانوں کو امدادی قیمت دی جائے گی وغیرہ وغیرہ لیکن ایک بھی وعدہ پورانہیں ہوسکا‘‘۔