مودی پر روزگار کی فراہمی میں مجرمانہ ناکامی کی پردہ پوشی کا الزام

شرح ترقی اور دیگر اُمور پر اعداد و شمار کے ہندسوں میں اُلٹ پھیر، عوام کو متاثر کرنے کی کوشش : راہول گاندھی

نئی دہلی 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر روزگار کے بارے میں اپنی مجرمانہ ناکامی کے بارے میں سچائی کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کا الزام عائد کیا اور کہاکہ 100 سے زائد ماہرین معاشیات اور سماجی ماہرین نے ملک کے اعداد و شمار پر مبنی تفصیلات میں سیاسی مداخلت کاری اور دخل اندازی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ راہول گاندھی کی اس تنقید سے ایک دن قبل ملک کے 108 سرکردہ ماہرین معاشیات اور سماجی سائنسدانوں نے اعداد و شمار جاری کرنے والے اداروں کی یکجہتی اور ادارہ جاتی آزادی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’…… روزگار کی فراہمی میں اپنی مجرمانہ ناکامی کے سچ کو منظر عام پر آنے سے روکنے کی کوشش کی ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر اپنے اس ریمارک کے ساتھ ماہرین معاشیات اور سماجی سائنسدانوں کے بیان سے متعلق اخباری رپورٹ بھی منسلک کی۔ واضح رہے کہ ملک کی معاشی صورتحال، روزگار اور دیگر اُمور کی تفصیلات پیش کرنے والے قومی ادارہ برائے اعداد کی رپورٹ میں مجموعی گھریلو پیداوار کے ہندسوں پر نظرثانی اور روزگار کے اعداد کو روک لئے جانے پر پیدا شدہ تنازعہ کے پس منظر میں معاشی ماہرین نے گزشتہ روز سخت الفاظ پر مشتمل بیان میں یہ اپیل کی تھی۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے بھی قبل ازیں آج دن میں اس مسئلہ پر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اُنھوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہاکہ ’ہندوستان کی عالمی ساکھ و صداقت کو مودی حکومت سے زیادہ اور کسی نے بھی نقصان نہیں پہونچایا۔ 108 عالمی ماہرین معاشیات اور سماجی سائنسدانوں نے تشویش ظاہر کی ہے اور آپ کو بھی (تشویش) ہونی چاہئے‘۔ سرجے والا نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایک ایسی حکومت کے خلاف اپنا ووٹ دیتے ہوئے اس کو اقتدار سے بیدخل کردیں جو اعداد و شمار کے ہندسوں میں اُلٹ پھیر کے ذریعہ اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کررہی ہے۔ اس کے برعکس کارکردگی کو بہتر انداز میں بتارہی ہے۔ ماہرین معاشیات و سماجی سائنسدانوں نے تمام پیشہ ور ماہرین معاشیات اور اعداد و شمار کو ماہرین کے علاوہ آزاد محققین سے اپیل کی ہے کہ ناپسندیدہ تفصیلات کو چھپاتے ہوئے اعداد و شمار کو حکومت کی بہتر کارکردگی سے عوام کو متاثر کرنے کے اس رجحان کے خلاف آواز اُٹھائیں اور عوامی اعداد و شمار کی یکجہتی بحال کرتے ہوئے ان اداروں کی آزادی کو یقینی بنائیں۔ اس بیان پر دستخط کرنے والے عالمی ماہرین معاشیات میں راکیش بسنت (آئی آئی ایم ۔ اے) جیمس بوئیس (یونیورسٹی آف مساچوسٹس ایمبرسٹ امریکہ)، ایمیلی بریزا (ہارورڈ یونیورسٹی، امریکہ)، ستیش دیشپانڈے (دہلی یونیورسٹی)، پیٹرک فرینکوئیس (یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کنیڈا)، آر رام کمار (آئی آئی ایس ایس ممبئی)، ہیما سوامی ناتھن (آئی آئی ایم ۔ بی) اور روہت آزاد (جے این یو) شامل ہیں۔

کانگریس برسر اقتدار آنے پر تمام مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے کا تیقن
غریب لڑکیوں کی تعلیم اور شادی کیلئے مالی امداد ، خواتین تحفظات قانون کی منظوری یقینی بنانے راہول گاندھی کا وعدہ

ہرگڑھ (اڈیشہ) 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ بے روزگاری کا مرکز بن جانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج تیقن دیا کہ تمام دیڑھ لاکھ سرکاری جائیدادوں کو جو فی الحال مخلوعہ ہیں، ریاست میں پُر کردیا جائے گا بشرطیکہ انتخابات کے بعد کانگریس ریاست میں اقتدار پر واپس آجائے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر نوین پٹنائک بے روزگار نوجوانوں کو مودی حکومت یا پٹنائک حکومت میں ملازمتیں فراہم کرنے سے قاصر رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کیا اِس اجلاس میں شریک کوئی بھی شخص دعویٰ کرسکتا ہے کہ اُسے مودی یا پٹنائک نے ملازمت دی ہے، راہول گاندھی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ سوال کیا۔ اُنھوں نے پوچھا کہ اوڈیشہ بے روزگاری کا مرکز بن گیا ہے اور اِس کے نوجوان دیگر مقامات پر ملازمتوں کی تلاش میں منتقل ہورہے ہیں۔ نوین پٹنائک نے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کیا کیا ہے؟ اُنھوں نے کہاکہ اگر کانگریس برسر اقتدار آجائے تو وہ تمام مخلوعہ جائیدادیں پُر کرے گی۔ اساتذہ کے کی 30 ہزار جائیدادیں اور طبی خدمات میں 5 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ زرعی قرضہ جات معاف کردیئے جائیں گے۔ دھان کی اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ کرکے اِسے 2600 روپئے فی کنٹل کردیا جائے گا۔ سرد خانے تعمیر کئے جائیں گے۔ غذائی مصنوعات کو محفوظ کرنے کے کارخانے کھیتوں کے قرب و جوار میں اور کاشتکاروں کے لئے دیگر سہولتیں قائم کی جائیں گی۔ اپنے سابقہ دورۂ کوراپٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جو 8 مارچ کو ہوا تھا، راہول گاندھی نے تیقن دیا کہ لڑکیوں کو تعلیم اور شادی کے لئے مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ غریب لڑکیوں کو مدد مل سکے اور اِس بات کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے کہ پارلیمنٹ میں خواتین تحفظات بِل منظور کردیا جائے۔ اوڈیشہ کے عوام کو ترغیب دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ اگر کانگریس حکومت تشکیل پاجائے تو وہ ریاست کی ترقی کے لئے کوئی دقیقہ اُٹھا نہیں رکھے گی اور چھتیس گڑھ کو ترقی دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ چھتیس گڑھ میں کانگریس نے تیقن دیا کہ غذائی مصنوعات تیار کرنے کے کارخانے اور سرد خانے کاشتکاروں کے لئے کھیتوں کے قریب فراہم کئے جائیں گے۔

راہول کا 19 مارچ کو اروناچل میں انتخابی جلسہ سے خطاب
ایٹانگر 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی 19 مارچ کو ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے جو پارٹی کے امیدواروں کی تائید میں منعقد کیا جائے گا۔ 60 رکنی اروناچل پردیش اسمبلی میں 2 لوک سبھا نشستیں ہیں جن پر 11 اپریل سے اُمید ہے کہ کانگریس کا قبضہ ہوگا۔