مودی وزیراعظم نہیں بنے تو رام مندر کے روبرو خودکشی کرونگا: وسیم رضوی

لکھنؤ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش شیعہ سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی نے منگل کو یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم نہیں بنے تو وہ اجودھیا میں رام مندر کے سامنے خودکشی کرلیں گے ۔منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں وسیم رضوی نے کہا کہ رام مندر تعمیر کی حمایت کرنے سے سخت گیر مسلموں کی جانب سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ لہذا اگر مودی ہارتے ہیں تو ان کے لئے خود کشی کے سواکوئی اور راستہ نہ ہوگا۔چیئر مین نے مزید کہا کہ ‘‘اگر 2019 میں مودی کے علاوہ کوئی اور وزیراعظم بنا تووہ اجودھیا میں را م مندر کے گیٹ کے سامنے خودکشی کرلیں گے ۔ میں نے ہمیشہ مذہب سے اوپر اٹھ کر نیشنلزم کی طرف داری کی ہے ’’۔ رضوی کے مطابق وہ نشنلزم کی بات کرتے ہیں اور سخت گیر انہیں یہ کہ کر دھمکیاں دیتے ہیں کہ ایک بار مودی کو اقتدار سے باہر جانے دو وہ ہمارے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے ۔ لہذا یہ میرے لئے بہتر ہوگا کہ کسی دہشت گرد یا ملک مخالف کے ذریعہ قتل کئے جانے کے بجائے میں خودکشی کرلوں۔ملحوظ رہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے وسیم رضوی مسلم سماج کے خلاف متنازعہ بیان دینے کی وجہ سے مسلسل سرخیوں میں ہیں۔