’مودی نے ہمیشہ میرے خاندان کی توہین کی‘ : راہول گاندھی

اجین 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے منگل کو کہاکہ ان کے والد اور دادی کی وزیراعظم نریندر مودی نے رواں انتخابی مہم کے دوران کئی مرتبہ توہین کی لیکن اُنھوں (راہول گاندھی) نے موخرالذکر کے والدین کی کبھی کوئی توہین نہیں کی۔ مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کی مہم کے اختتام سے قبل راہول گاندھی نے یہ بھی کہاکہ مودی کو اب ’بادلوں اور آم‘ کے بارے میں باتیں بند کردینا چاہئے بلکہ عوام کو ان مسائل کے بارے میں بتانا چاہئے جو ان سے تعلق رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ’کانگریس، مودی کو محبت کے ساتھ شکست دے گی‘۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’مودی جی نفرت کے ساتھ بات کرتے ہیں۔ اُنھوں نے میرے والد، دادی اور پڑنانا (والد کے نانا) کی توہین کی لیکن مَیں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی ان (مودی) کے والد یا والدہ کی توہین نہیں کی۔ ’کیوں کہ میں آر ایس ایس یا بی جے پی کا آدمی نہیں ہوں بلکہ کانگریس سے تعلق رکھتا ہوں۔ جب کبھی وہ (مودی) مجھ پر نفرت پھینکیں گے میں محبت سے جواب دوں گا۔ مودی جی کو ہم محبت سے شکست دیں گے۔ آپ (مودی) کو گلے لگائیں گے‘۔ کانگریس کے صدر بظاہر ایک نیوز چینل اور بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کو دیئے گئے وزیراعظم مودی کے دو انٹرویوز کا حوالہ دے رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’مودی جی نفرت کے ساتھ باتیں کررہے تھے۔ انھوں نے میرے والد، میری دادی اور پڑنانا کی توہین کی۔ میں مرجاؤں گا لیکن مودی جی کے والد یا والدہ کی توہین نہیں کروں گا‘۔ کانگریس کے صدر نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ’بادلوں اور آموں پر باتیں کی جارہی ہیں لیکن ان مسائل کا کوئی تذکرہ نہیں کیا جارہا ہے جو عوام سے تعلق رکھتے ہیں‘۔