مودی صرف 2.5 کروڑ اثاثے کے مالک

وارانسی لوک سبھا حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل
وارانسی26اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے وارانسی لوک سبھا حلقہ سے جمعہ کو نامزدگی کے کاغذات جمع کئے ۔مسٹر مودی نے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر میں پرچہ بھرا۔ اس موقع پر بہار کے وزیراعلی نتیش کمار، شرومنی اکالی دل کے لیڈر پرکاش سنگھ بادل، شیوسینا سربراہ ادھے ٹھاکرے ، انامدرک کے لیڈر او پنیرسلوم اور ایم تنبھادرئی اور مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ، سشما سوراج اور نتن گڈکری موجود تھے ۔مودی نے اپنے حلف نامہ میں بتایا کہ ان کے پاس جملہ 2.5 کروڑ روپئے کے اثاثے ہیں۔ گجرات کے گاندھی نگر میں ایک رہائشی پلاٹ بھی شامل ہے۔ مودی نے جسودھا بین کو اپنی اہلیہ بتایا ہے اور اعلان کیاکہ انھوں نے 1983 ء میں گجرات یونیورسٹی سے ایم اے ڈگری کامیاب کی ہے۔وزیراعظم کے نامزدگی اور دیگر پروگراموں کے پیش نظر سلامتی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مقامی پولس کے علاوہ پی اے سی اور مرکزی نیم فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ نامزدگی کی جگہ کو ایس پی جی نے اپنے سلامتی گھیرے میں لے لیا ہے ۔ مودی کے دورے کے راستے پر پولس اہلکاروں کے علاوہ ڈرون کیمروں کی مدد سے بھی سلامتی کی نگرانی کی جارہی ہے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر ریلوے پیوش گوئل، پارٹی کے اترپردیش کے انچارج اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا، ی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے سمیت کئی لیڈروں نے نامزدگی کے مقامات کا دورہ کرکے متعلقہ افسران سے بات چیت کرکے سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ مسٹر مودی نے جمعرات کو تقریبا سات کلو میٹر لمبا‘روڈ شو’ کرتے ہوئے دشاشوگھاٹ پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے گنگا کی پوجا کی تھی۔ اس کے بعد رات میں انہوں نے لوگوں سے خطاب کیا تھا۔