مودی صاحب :برائے مہربانی ہمیں اپنا جمہوری حق دیں : عمر عبداللہ 

سری نگر :نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرواکے ریاستی عوام کو اپنا جمہوری حق دیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی عوام کے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ طبقوں کے کے نام اپیل کی کہ عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنائیں ‘‘ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے عمر عبد اللہ نے ٹوئیٹ کیا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے بعض چنندہ افراد کی حکومت کے بجائے ایک منتخب حکومت تشکیل دینے کا حق اس جمہوریت کا طرہ امتیاز ہے ۔ مہربانی فرماکر ہمیں اپنی حکومت تشکیل دینے کا اپنا جمہوری حق دیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک طرف عوام کو عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کررہے ہیں لیکن دوسری جانب جموں وکشمیر میں مقررہ وقت پر اسمبلی انتخابات نہ کرواکر یہاں کی عوام کو حق رائے دہی سے محروم کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ چیف الیکشن کمیشنر سنیل اروڑہ کی قیادت میں الیکشن کمیشن کی اعلی سطحی ٹیم جموں و کشمیر کے دورہ کرچکی ہے ۔ اس دوران ریاست کے تمام سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس ، کانگریس ، پی ڈی پی اور بی جے پی کے نمائندوں نے اس اعلی سطحی اجلا س سے ملاقات کر کے ریاست میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات بہ یک وقت منعقد کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔

بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے ۱۰؍ مارچ کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالات کے پیش نظر فی الحال وہاں صرف لوک سبھا انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد نہ کروانے کے فیصلہ پر ریاست کی تمام چھوٹی بڑی جماعتوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔