مودی سے قصاب بھی شرما جائے: لالو

پٹنہ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی جانب سے نریندر مودی کو قصاب قرار دیئے جانے کے بعد آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہاکہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار (نریندر مودی) سے قصاب بھی شرمسار ہوجائے گا۔ لالو پرساد نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ’’ان (مودی) سے کسی قصاب کو بھی شرم آجائے گی‘‘۔ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان جاری لامتناہی لفظی جنگ کے درمیان لالو پرساد نے یہ ریمارک کیا ہے۔

مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کے خلاف مودی کے ریمارکس پر برہم ترنمول کانگریس نے مودی کو ’’گجرات کا قصاب‘‘ قرار دیا تھا۔ لالو پرساد نے حاجی پور کے علاقہ مہوہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی پر 2002 ء کے گودھرا فسادات بھڑکانے کا الزام عائد کیا۔ لالو یادو نے کہاکہ ’’میں نے 1990 ء کے دوران ایل کے اڈوانی اور وی ایچ پی لیڈر پراوین توگاڑیہ کو بہار میں روک دیا تھا اور نریندر مودی کو بھی روک دوں گا‘‘۔ لالو پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بھی اپنے ٹوئیٹر پیغام کو دوہرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’(نریندر مودی) قصائی سے بھی بڑا قصائی ہے۔ اس میں کوئی اُلجھن ہے کیا؟‘‘۔