مودی حکومت کسانوں سے بے خبر، چند صنعتکاروں پر نظر کرم: راہول

نئی دہلی30نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر کسانوں اور نوجوانوں کی کوئی خبر نہ لینے اور چند صنعت کاروں کے حق میں کام کرنے کا الزام لگایا اور ان کی پارٹی اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ مل کر کسانوں کے حق کی لڑائی لڑے گی۔ راہول گاندھی نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ اسٹریٹ پر ‘کسان مکتی مارچ’ میں حصہ لینے آئے ملک بھر کے کسانوں کی بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت کسان کا کام نہیں کرسکتی ہے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور اسے رہنے بھی نہیں دیا جانا چاہئے ۔کانگریس صدر جب کسانوں کو خطاب کررہے تھے تو تب اسٹیج پر ان کے ساتھ دہلی کے وزیراعلی اروندکجریوال، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سیتا رام یچوری، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجہ، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، لوک تانترک جنتا دل کے شرد یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار، سماج وادی پارٹی کے دھرمندر یادو سمیت کئی اہم لیڈر موجود تھے ۔ مسٹر راہول گاندھی نے اسٹیج پر آتے ہی کجریوال سے ہاتھ بھی ملایا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے کسان اور نوجوانوں کو نظرانداز کردیا ہے ۔ ملک کے لئے صبح سے لے کر دیر رات تک خون پسینہ بہانے والے والے کسانوں اور نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بھول چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پریشان ہوکر ملک کا کسان دہلی آنے پر مجبور ہوا ہے ۔ حکومت ان کے ساتھ انصاف نہیں کررہی ہے اس لئے کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کو مل کر کسانوں اور نوجوانوں کے مستقبل کی لڑائی لڑنی ہے ۔مسٹر راہول گاندھی نے کہا کہ اسٹیج پر موجود اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے خیالات یکساں نہیں ہوسکتے لیکن کسانوں اور نوجوانوں کے مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں کیونکہ کسان اور نوجوان ملک کی طاقت ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ کسان کا مودی حکومت نے بیمہ اور پیسہ جمع کرنے کا متبادل بھی ان سے چھین لیا ہے اور اپنے قریبی صنعت کاروں کی بیمہ کمپنیوں کو یہ کام دے دیا ہے ۔مسٹرکجریوال نے کہا ہے کہ ملک کا کسان دکھی ہوکر دہلی آیا ہے ۔ کسان اپنے مطالبات کے لئے اپنا کام چھوڑ کر آیا ہے لیکن حکومت ان کی نہیں سنتی۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں کسان کی بات نہیں سنی جاتی ہے وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔مسٹر شرد یادو نے کہا کہ ملک کا کسان پریشان ہے ۔ پورے ملک میں قرض میں ڈوبے کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ لیکن مودی حکومت چند صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے میں لگی ہوئی ہے ۔ صنعت کار بینکوں کا قرض معاف کراکر بیرون ملک بھاگ رہے ہیں لیکن حکومت کسانوں کا قرض معاف نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جمہوریت خطرے میں ہے ۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کے لیڈر سیتا رام یچوری نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے کسانوں کے مسائل نہیں سنی تو بم سے بھی زیادہ آواز میں اب دھماکہ ہوگا اور اس حکومت کو جانا ہوگا۔