مودی حکومت کا عوام کے یقین و اعتماد کے ساتھ کھلواڑ: منی شنکرایر 

نئی دہلی : بی جے پی حکومت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے ملک گیر مہم فاشزم کے خلاف عوامی اتحاد کے افتتاحی پروگرام میں سابق مرکزی وزیر منی شنکر ایر نے کہا کہ ملک کی عوام کو بی جے پی حکومت سبز باغ دکھا کر دھوکہ دے رہی ہے اور عوام کے یقین و اعتماد کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی اچھے دن کے نام پر جمہوریت او رآئین و قوانین کا خون کیا ہے ۔ اس موقع پر منی شنکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو جوان قوم و ملت کا اثاثہ ہے ۔جس پرملک او رمعاشرہ کی حفاظت کی ذمہ داری ہے ۔

فرقہ پرست او رعصمت دری کے خلاف آواز اٹھانے والی ایڈوکیٹ دیپیکا راجاوت نے کہا کہ ناانصافی اورظلم وزیادتی کے خلاف جب عوام خاموشی نہیں توڑیں گے اس وقت تک ملک سے ظلم وزیادتی ختم نہیں ہوگی ۔ راجاوت نے کہا کہ مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی حالت اتنی خراب ہوچکی ہے کہ جو شخص بھی حکومت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اس کے اوپر عدم قومیت کا لیبل لگا کر اس کا منہ بند کردیا جاتا ہے یا پھر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حدتو یہ ہوگئی کہ ملک میں اتنا کچھ ہورہا ہے او روزیر اعظم خاموش بیٹھ کر تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔اس موقع پر سوامی اگنیش نے کہا کہ یہ حکومت ہٹلر کی چال پرچل پڑی ہے جو ہندوستانی عوام ،آئین وجمہوریت کے خطرہ کی گھنٹی ہے ۔سوامی جی نے ہجومی تشدد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اخلاق کے مجرمین پر قانونی کارروائی کی جاتی او ر وزیر اعظم اپنی خاموشی توڑتے تو ملک میں ہجومی تشدد کے اتنے واقعات نہیں ہوتے ۔

کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے نائب صدر ساجد ایم ایس نے کہا کہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے ۔اور یہاں ہر مکتب فکر کے لوگوں کے لئے برابر حقوق حاصل ہیں مگر پچھلے چار سالوں سے جس طرح سے ملک کی سماجی معاشی اقتصادی او رسیاسی حالات کو بدلا گیا ہے وہ عوام کیلئے ایک لمحہ فکر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فاشزم اور فرقہ پرستی طاقتیں اپنا سر اٹھاررہی ہے ۔ساجد نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کیمپس فرنٹ آف انڈیا نے ملک کے ہر باشندے بیدار کرنے کیلئے فاشزم کے خلاف مہم کا آغاز کیا ۔