مودی جاپانی میں تدریس سیکھنے کے خواہاں

ٹوکیو ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں تعلیمی معیارات کو اونچا کرنے کے خواہشمند وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں 136 سال قدیم اسکول کا بحیثیت ’’طالب علم‘‘ دورہ کیا کہ جاپان کے تعلیمی نظام کو سمجھ سکے جس کی وطن میں تقلید کی جاسکے۔ انہوں نے یہاں سے ٹیچرس کو مدعو بھی کیا تاکہ ہندوستان میں جاپانی زبان سکھا سکیں اور آن لائن کورسیس کی تجویز پیش کی جو 21 ویں صدی کو حقیقی معنوں میں ایشیا کی صدی بنانے کیلئے ایشیائی ممالک کے مابین زبانوں اور سماجی اقدار میں زیادہ سے زیادہ تعاون کیلئے ان کی سعی سے مطابقت رکھتی ہے۔ مودی نے تائمی ایلیمنٹری اسکول میں کہا کہ یہاں میرے آنے کا مقصد یہ سمجھنا ہیکہ کس قدر جدیدیت، اخلاقی تعلیم اور ڈسپلن جاپان کے تعلیمی نظام میں جاگزیں ہوئی ہیں۔ میں اس 136 سال قدیم اسکول کو سب سے معمر طالب علم کی حیثیت سے آیا۔ وزیراعظم کو نائب وزیر برائے تعلیم مائیکاوا کیہائی نے تفصیلی طور پر واقف کرایا کہ جاپان کا ایجوکیشن سسٹم کس طرح کام کرتا ہے، بالخصوص وہ جو حکومت کے زیرانتظام چلایا جاتا ہے۔ انہوں نے بعض سوالات کئے جن میں یہ شامل ہیکہ نصاب کس طرح بنایا جاتاہے، آیا امتحانات ہی ترقی کیلئے واحد کسوٹی ہوتے ہیں، آیا اسٹوڈنٹس کو سزاء دی جاتی ہے اور اخلاقی تعلیم انہیں کس طرح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’مجھے اب بصیرت حاصل ہوئی ہے‘‘ ۔