موبائل فون پر میسجز کرنا کمر کی تکلیف کا سبب بن سکتا ہے

سر جھکا کر موبائل فون پر ٹیکسٹ میسجز یا چیٹنگ کرنے والے خبردار، پٹھوں کا درد، کمر کی تکلیف اور آنکھوں کی کمزوری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سر کو جھکا کر ٹیکسٹ میسجز یا چیٹنگ کرنے والے موبائل فون صارفین میں صحت کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، اسپتالوں میں بھی ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جو فون کے مسلسل استعمال کے باعث پٹھوں کی تکلیف میں مبتلا رہتے ہیں۔ موبائل فون جہاں ضرورت ہے، وہیں اس کا بیجا استعمال کچھ جسمانی تکالیف کو بھی جنم دے رہا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹ میسجنگ کرنے یا لمبی کال سننے کے لئے سر کو مسلسل جھکائے رکھنے سے گردن کے پٹھے اکڑ جاتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق موبائل فون کے زیادہ استعمال سے گردن کا درد زیادہ ہوتا ہے، سر ایک طرف جھکا کر جو مسلسل بات کرتے ہیں، ان کی گردن کا درد ہوتا ہے، ٹیکسٹ میسجینگ کرنے سے انگلیوں کے جوائنٹس کے درد کے مریضوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں گردن پر متبادل سمت میں پڑنے والا دباو اندرونی سوجن پیدا کرتا ہے، تکلیف کا شکار مریضوں کو مخصوص مشقوں کے ساتھ پٹھوں کو حرارت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ فون کا استعمال ضرور کیجئے لیکن آئی لیول کا خیال بھی رکھیں، کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔