منتخب عازمین کی آخری قسط کی ادائیگی کی تاریخ 20 ؍جون مقرر

گرین زمرہ کیلئے 85,900 اور عزیزیہ 48,850 کی ادائیگی کیلئے حج کمیٹی کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 19 ؍ مئی (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2019 کے تمام منتخب عازمین کے لئے آخری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 20؍ جون مقرر کی ہے ۔ ایگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی مقصود علی خان نے اس سلسلہ میں تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکلر جاری کیا ۔ گرین اور عزیزیہ زمرہ کے عازمین نے پیشگی رقم کے علاوہ پہلی قسط جمع کر دی ہے ۔ دونوں زمروں کے لئے آخری قسط 20 جون تک جمع کرنی ہوگی ۔ سرکلر کے مطابق گرین زمرہ کے عازمین کو 85900 روپئے جبکہ عزیزیہ زمرہ کے لئے 48850 روپئے جمع کرنے ہوں گے ۔ گرین زمرہ کے جملہ اخراجات 2 لاکھ 77750 روپئے جبکہ عزیزیہ زمرہ کے لئے 2 لاکھ 40700 روپئے طئے کئے گئے ۔ گرین زمرہ کے عازمین قربانی کی رقم کے ساتھ 85900 روپئے اور قربانی کی رقم کے بغیر 76750 روپئے جمع کریں جبکہ عزیزیہ زمرہ کے عازمین قربانی کی رقم کے ساتھ 48850 روپئے اور بغیر قربانی کے 39700 روپئے جمع کروائیں ۔ رباط کے لئے منتخب عازمین قربانی کے ساتھ 33950 روپئے اور قربانی کے بغیر 24800 روپئے جمع کریں ۔ دو سال سے کم عمر کے کمسن کے لئے 14600 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ محرم کے ساتھ حج ادا کرنے والوں کو 37340 روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ یہ رقم حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر آن لائن یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک کی کسی برانچ میںجمع کی جاسکتی ہے ۔