مملکت سعودی میں پریشان خاتون کی وطن واپسی

پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ماں کو بیٹی سے ملادیا
حیدرآباد:سعودی عرب میںآجر کی ہراسانی اور صحت کے مسائل سے دوچار ایک 45سالہ خاتون کی بحفاظت گھر واپسی عمل میں ائی۔

پولیس نے سرگرم رول ادا کرتے ہوئے ایک ماں کو اپنی بیٹی سے ملادیا۔ ڈی سی پی ساوتھ زون وی ستیہ نارائنہ نے بتایا کہ 45سالہ خیرالنساء کی بیٹی حمیدہ بیگم نے یکم مارچ کو پولیس میں شکایت درج کروائی اپنی ماں کو بچانے کی درخواست پیش کی تھی۔

خیرون بی گذشتہ سال14ڈسمبر کو گھریلو ملازمہ کی حیثیت سے ریاض سعودی عرب روانہ ہوئی‘وہ بلڈ پریشر ‘ شوگر اور تھائیراڈ کے امراض کا شکار بھی ہیں۔گذشتہ تین ماہ سے آجر بھی ہراساں وپریشان کررہاتھااور اس نے ہندوستان واپس بھیجنے سے انکار کردیاتھا۔

پولیس نے ممبئی کی ایجنسی آفس کا پتہ چلایااور ضروری کاروائی کی ہدایت دی ۔

چنانچہ ریاض میں اس ایجنسی کے برانچ آفس سے رابطہ قائم کرتے ہوئے خاتون کی ہندوستان واپسی کو یقینی بنایاجاسکا۔خیرالنساء او رحمید ہ بیگم نے آج ڈی سی پی سے ملاقات کرتے ہوئے پولیس کی بروقت کاروائی پر اظہار تشکر کیا۔

ڈی سی پی نے اس موقع پر کہاکہ وہ بروکرس ایجنٹس کو بھی گرفتار کریگی۔