ممتابنرجی ملک کو تقسیم کرنے والوں کی تائید کررہی ہیں

صدر بی جے پی امیت شاہ کی مغربی بنگال کے کلیانی میں انتخابی تقریر
کلیانی(مغربی بنگال) ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ ممتابنرجی ملک کو تقسیم کرنے والوں کی تائید کررہی ہے ۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ارکان سے لوک سبھا انتخابی حلقہ بون گاؤں کے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بنارہتا ہے ، اس بات کا لحاظ کئے بغیر کہ مرکز میں کون برسراقتدار آتا ہے جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج برسراقتدار ہیں ، نریندر مودی وزیراعظم ہیں ، آئندہ دنوں میں ممکن ہے کہ وہ وزیراعظم کی حیثیت سے اپنا کام جاری نہ رکھ سکے لیکن کوئی ایسا دن آتا ہے جب کہ بی جے پی برسراقتدار نہ ہو تو اس کے کارکن اس کے باوجود کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بنائے رکھنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھگوا پارٹی اگر دوبارہ برسراقتدار آجائے تو دستور کی دفعہ 370کو حذف کردے گی جس کے تحت کسی بھی ہندوستانی شہری کو کشمیری کے سوائے کشمیر میں جائیداد خریدنے پر امتناع عائد ہے ۔ انہوں نے پُرزور انداز میں کہاکہ ممتابنرجی کو بھی نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبداللہ کے اس مطالبہ پر اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے کہ کشمیر کیلئے علحدہ وزیراعظم ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ممتا دیدی ان افراد کی تائید کرتی ہیں جو ہندوستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ وہ عمر عبداللہ کے مطالبہ کے بارے میں کیا کہتی ہیں کہ ملک میں دو وزیراعظم ہونا چاہئے ۔ انہوں نے ان کا تقابل دیمک سے کیا جو ملک کے وسائل کھاتے جاتے ہیں ۔ امیت شاہ نے کہا کہ اُن کی پارٹی ان سب کو اقتدار سے بیدخل کردے گی ۔ بشرطیکہ وہ دوسری میعاد کیلئے مرکز میں برسراقتدار آجائے۔