ممبئی میں 117 سال قدیم عمارت منہدم ۔ 24 افراد ہلاک ۔ 12 زخمی

چیف منسٹر فرنویس کا دورہ ۔ مہلوکین کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کااعلان ۔ ملبہ میں مزید افراد کے دبے ہونے کا شبہ

ممبئی 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کے مصروف ترین بھینڈی بازار علاقہ میں آج ایک 100 سالہ قدیم پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے اور 14 دوسرے زخمی ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ ملبہ میں مزید 30 افراد دبے ہوسکتے ہیں۔ فائر بریگیڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ انتہائی خستہ حال حسینی بلڈنگ میں نو خاندان مقیم تھے ۔ کچھ میڈیا اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اس عمارت میں ایک پلے اسکول بھی تھا تاہم چونکہ یہ حادثہ صبح کی اولین ساعتوں میں ہوا اس لئے یہاں بچے نہیں پہونچے تھے ۔ یہ عمارت زیادہ تر لوور مڈل کلاس خاندانوں کی رہائشگاہ تھی جو جے جے ہاسپٹل کے قریب پکموڈیا اسٹریٹ کے مسلم آبادی والے علاقہ میں تھی ۔ اس عمارت کے گراونڈ فلور پر چھ گودام بھی تھے ۔ یہ عمارت صبح 8.30 بجے منہدم ہوگئی ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا ممبئی میں گذشتہ دنوں سے جاری انتہائی شدید بارش سے عمارت متاثر ہوئی تھی یا نہیں۔ یہ عمارت 100 سال سے زیادہ قدیم بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نعشوں کی شناخت کا کام چل رہا ہے اور کم از کم 12 زحمیوں کو جے جے ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ امدادی اور راحت کام کرنے والوں کو یہاں تنگ گلیوں کی وجہ سے مقام تک پہونچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ایمبولنس گاڑیوں کو بھی یہاں تک پہونچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ یہاں کثیر تعداد میں ہجوم بھی جمع ہوگیا تھا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ پانچ فائر بریگیڈ کے عملہ اور این ڈی آر ایف کے ایک جوان کو امدادی کاموں کے دوران زخم آئے ہیں۔ انہیں بھی جے جے ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا ہے ۔ فائر بریگیڈ کے عہدیداروں کے بموجب یہ عمارت 117 سال قدیم ہے اور اس میں کنکریٹ کا استعمال زیادہ کیا گیا تھا ۔ امدادی کارکنوں کو یہاں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور انہیں ملبہ کی صفائی بہت مشکل سے کرنی پڑ رہی ہے ۔ ملبہ کی صفائی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملبہ میں دبے ہوئے زندہ بچنے والے افراد یا نعشوں کو نکالا جاسکے ۔ کرینس اور بلڈوزر کو بھی ملبہ کی صفائی کے کام پر لگادیا گیا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے بھی مدد کا سلسلہ جاری ہے ۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے اس مقام کا دورہ کیا اور انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا ہے ۔