ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان پر وضاحت مسترد ، اپوزیشن کی تنقید جاری

اسلام آباد : پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کے بیان سے متعلق قومی اسمبلی میں وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی کی وضاحت کو مسترد کردیا ۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران و زیر اعظم شاہدخاقان عباسی ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان کی وضا حت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ایک انٹر ویو میں جو کہا اور اسے جس طرح لکھا گیا وہاں سے سارا معاملہ شروع ہوا ان باتوں کوہندوستانی میڈیا نے اپنے مقاصد کے لئے اٹھایا جسے آج یہاں پھیلایا جارہا ہے ۔

نواز شریف نے یہ نہیں کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے ممبئی میں حملہ کیا انہیں پاکستان سے جان بوجھ کر بھیجاگیا ،ان اسٹیٹ ایکٹرز سے متعلق جو ایک جملہ ہے وہ غلط رپورٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت ہے اور نہ ہی انہیں کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے کا اختیار ہے ۔شاہد خاقان نے کہا کہ اپنی سر زمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس تاثر کو مسترد کردیا کہ حملہ آور وں کو پاکستان سے بھیجا گیا تھا جو باتیں کی جارہی ہیں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے شاہد خاقان کی وضاحت کے جوا ب میں کہا کہ نواز شریف کا انٹر ویو اخبارات کی زینت بنا ہے ۔جسے ہندوستانی میڈیا نے اچھالا ۔نوبت یہاں تک پہنچی کہ قومی سلامتی کونسل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد کیاگیا جس نے نواز شریف کا بیان مسترد کردیا ۔

۔ہم نواز شریف سے پوچھنا چا ہتے ہیں کہ اس بیان کی آخر کیا ضرورت تھی ؟اس کے باوجود وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کیا غلط کہا ۔نواز شریف پاکستان کو بد نام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔اسی دوران پیلز پارٹی کے شاذیہ مری نے کہا کہ نواز شریف کے اس بیان سے پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے ۔وہ آج بھی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان اس کاذمہ دار ہے پاکستان میں دہشت گرد موجود ہیں مگر ہم ان کو سپورٹ نہیں کرتے ۔نوازشریف اپنے سیاسی کریئر بچانے کے لئے پاکستان کو داؤ پر نہیں لگا سکتے ۔ہم نواز شریف کے اس بیان کی مذمت اور اس کو مسترد کرتے ہیں ۔