ملک کی تاریخ میں فوج کی سب سے بڑی تعداد تعینات

پاکستان میں آج عام انتخابا ت
انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ، ملک کے 105.96 ملین رجسٹرڈ رائے دہندے ، 85000 پولنگ اسٹیشن

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں آج نئے وزیراعظم کو منتخب کرنے کیلئے عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں ایک سیویلین حکومت سے دوسری سیویلین حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا یہ دوسرا موقع ہوگا حالانکہ فوج پر ہمیشہ یہ الزام عائد کیا جاتا رہا کہ وہ جمہوری طور پر منتخبہ حکومت کے امور میں دخل اندازی کرتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ سخت گیر اسلام پسندوں کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کے مطابق قومی اسمبلی کی 272 نشستوں کیلئے 3459 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جبکہ 8396 امیدوار چار صوبائی اسمبلیوں کی 577 عام نشستوں کیلئے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت رجسٹرڈ رائے دہندوں کی تعداد 105.96 ملین ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے کیونکہ یہ باتیں بھی سامنے آئی ہیں کہ درپردہ پاکستانی فوج کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کی تائید کررہی ہے اور ان کے سیاسی حریفوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 1947ء میں پاکستان کی آزادی کے بعد سے اب تک ملک کی تاریخ کے نصف سال یعنی تقریباً 35 سال ملک پر فوج نے حکمرانی کی جو کسی نہ کسی بغاوت کا نتیجہ رہا۔ یہاں تک کہ سیویلین حکمرانی کے دوران بھی پاکستان میں فوج کا بول بالا رہا اور اسے بے انتہاء اختیارات حاصل رہے ۔ یہ بھی کہا جاتا رہا کہ ملک کی خارجہ اور سیکوریٹی پالیسیوں کا فیصلہ بھی فوج ہی کرتی تھی۔ بہرحال ملک کے موجودہ فوجی سربراہ جنرل قمر باجوہ نے یہ تیقن دیا ہیکہ فوج کو الیکشن کی جو ڈیوٹی سونپی گئی ہے وہ انشاء اللہ ضابطۂ اخلاق کو ملحوظ رکھے گی۔ فوج صرف سیکوریٹی اور سہولیاتی انتظام کی ذمہ داری ہوگی جبکہ رائے دہی کے عمل پر پوری طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کنٹرول ہوگا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا بھی دیکھنے میں آرہا ہے جہاں الیکشن کے موقع پر فوج کی زائد از 370,000 جمعیتیں مختلف مقامات پر تعینات کی جارہی ہیں کیونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد انتخابی مہمات کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے جو انتہائی پرتشدد بھی رہا۔ پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق 85000 پولنگ اسٹیشنوں پر زائد از 371,388 جمعیتوں کی تعیناتی کی جارہی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی الیکشن کے موقع پر فوج کی اتنی بڑی جمعیت تعینات کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ شہر بھر میں الیکشن عہدیداروں نے بیالٹ باکسیس اور دیگر الیکشن میٹریل تقسیم کئے۔ اس وقت بھی مسلح افواج کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا گیا۔