ملک میں کانگریس کی لہرکا دعویٰ: محمد اظہرالدین

مودی حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام، ترقی کانگریس سے ممکن
حیدرآباد ۔ 13۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی کی لہر جاری ہے اور لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی کی زیر قیادت حکومت تشکیل پائے گی۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف علاقوں کا دورہ کرچکے ہیں اور انہوں نے ہر علاقہ میں کانگریس کے موقف کو مضبوط پایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انتخابی مہم میں پوری شدت کے ساتھ حصہ لیا ہے۔ اترپردیش میں جہاں گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کا بہتر مظاہرہ رہا، اس بار کانگریس کا موقف مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش ، بہار کے علاوہ ہندی بیلٹ کے دیگر علاقوں میں کانگریس پارٹی کے حق میں عوامی رائے دیکھی گئی ہے ۔ اظہرالدین نے گزشتہ پانچ برسوں میں نریندر مودی حکومت پر ہر شعبہ میں نا کامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام جان چکے ہیںکہ مودی نے محض وعدے کئے، اس کے علاوہ حکومت کے فیصلوں سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جاچکے ہیں کہ بی جے پی اور کانگریس میں کیا فرق ہے ؟ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران نریندر مودی نے اپنا زیادہ وقت راہول گاندھی پر تنقید کرنے میں صرف کیا ، حالانکہ انہیں چاہئے تھا کہ وہ اپنے پانچ سالہ دور حکومت کے کارناموں کو عوام کے سامنے رکھتے۔ اظہرالدین نے کہا کہ دراصل مودی کے پاس کارنامہ نہیں ہے جسے وہ بیان کرسکیں۔ لہذا راہول گاندھی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر انہوں نے انتخابی ریالیوں میں نہ صرف راہول گاندھی بلکہ گاندھی خاندان کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام ترقی چاہتے ہیں اور یہ صرف کانگریس سے ممکن ہے۔ کانگریس پر گزشتہ 70 برسوں میں ملک کو ترقی نہ دینے کا الزام عائد کرنے والے یہ جواب دیں کہ ملک میں آبپاشی پراجکٹس اور مختلف ڈیام کس پارٹی کے دور حکومت میں تعمیر کئے گئے۔ اظہرالدین نے کہا کہ نریندر مودی نے 2014 ء انتخابی مہم میں عوام سے جو وعدے کئے ، ان پر عمل نہیں کیا ۔ ہر شخص کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے اور 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ محض ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں تھا ۔ برسر اقتدار آتے ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ جاریہ لوک سبھا انتخابات میں عوام نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرتے ہوئے نجات حاصل کریں گے۔ پریس کانفرنس میں پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل اور پارٹی ترجمان سید نظام الدین موجود تھے۔