ملک میں فرقہ پرستوں کیخلاف کانگریس ہی کمربستہ، پارٹی کو مزید مضبوط بنانا ضروری : انٹونی

تھرواننتاپورم ۔ /30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے آج زور دے کر کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس اتنی طاقت ہے کہ وہ خود کو فرقہ پرستوں کے خلاف کمربستہ کرسکتی ہے ۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ کانگریس کو مضبوط بنایا جائے تاکہ وہ ملک میں فرقہ پرستوں کے خلاف جنگ کرسکے ۔ ہم کو مستحکم و مضبوط ہوکر زیادہ واپس آنے کی ضرورت ہے ۔ قبل ازیں بھی ہم نے ایسی ہی صورتحال کا سامنا کیا ہے اور انتخابات میں شکست کھاچکے ہیں ۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ کانگریس کو مضبوط و مستحکم بنایا جائے تاکہ اس کی قیادت فرقہ پرستوںکا مقابلہ کرسکے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی رکن نے کہا کہ کانگریس ہی فرقہ پرستوں کا مقابلہ کرنے کی اہل ہے ۔ یہاں پارٹی کے لئے رکنیت سازی مہم شروع کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انتونی نے کہا کہ موجودہ صورتحال پارٹی کو مضبوط بنانے پر دھیان دینے کے متقاضی ہے ۔ لہذا پارٹی کے ہر رکن کو چاہئیے کہ وہ بہتری کے لئے کام کرے ۔ کیرالا کے سابق چیف منسٹر انتونی نے کہا کہ تنظیمی انتخابات کے دوران تصادم کی راہ اختیار کرنے سے گریز کرنا پارٹی قائدین کی ذمہ داری ہے ۔ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے سے ہی فرقہ پرستوں کا صفایا کیا جاسکے گا ۔