ملک میں علحدگی پسند رجحانات کو شکست دینا ضروری

کثرت میں وحدت ہی ہماری طاقت : دیپاولی کے موقع پر من کی بات پروگرام ، وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب

نئی دہلی ۔ /30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ساتھ سرحد پر کشیدگی کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی نے آج مسلح افواج کی جرأت و شجاعت کو سلیوٹ کیا اور ان کی قربانیوں کی زبردست ستائش کی جبکہ اس سال کی دیپاولی تقریب کو ان کے نام معنون کیا ۔ انہوں نے ان کی ’’سندیش ٹو سولجرس‘‘ مہم پر پرجوش پیامات روانہ کرنے والوں کا خیرمقدم کیا ۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ آل انڈیا ریڈیو پر وزیراعظم مودی نے تمام شہریوں اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے اندر اتحاد کو فروغ دینے کے لئے کام کریں ۔ علحدگی پسندانہ رجحانات اور ذہنیت پرستی کو شکست دینے کے لئے کام کریں ۔ وادی کشمیر میں جاری بدامنی کی کیفیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ کثرت میں وحدت ہی ہماری طاقت ہے ۔ ہر شہری اور تمام حکومتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ امن و سلامتی کو برقرار رکھیں ۔ ملک میں امن و سلامتی سے ہی خوشحالی آتی ہے ۔ ہرایک کو اپنے طور پر دیوالی تقریب منانے کے دوران ان بہادروں کو یاد کرنا ہوگا جنہوں نے سرحدوں کی حفاظت میں اپنی جانوں کو قربان کیا ہے ۔ حالیہ واقعات کے پیش نظر میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہیوں نے اس ملک کی سکیورٹی اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کو قربان کیا ہے ۔ اپنا سکھ چین ختم کرکے سرحدوں کی حفاظت کی ہے ۔ ان کی زندگیوں کو وقف کردینا اور دکھ درد سہنا ایک بڑی عظیم قربانی ہے جس سے میں بے حد متاثر ہوں ۔

لہذا ہم کو اس دیپاولی کو اپنے سپاہیوں کے نام معنون کرنا چاہئیے ۔ میں نے ہر ایک کو ’’سندیش ٹو سولجرس‘‘ کی مہم میں حصہ لینے کی دعوت دی تھی مجھے بے حد خوشی ہوتی کہ اس مہم میں ہر ایک نے حصہ لیا ہے ۔ طلبا سے لیکر مواضعات اور تاجروں ، صنعتکاروں اور سیاسی قائدین نے سپاہیوں کو دیپاولی کا پیام روانہ کیا ہے ۔ یہ سپاہی ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنوں سے دور صحرا و بیاں باں میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔ ہمالیہ کی بلند برفیلی چوٹیوں پر پہرہ دے رہے ہیں ۔ ان تک ہر ایک کا پیام دیوالی پہونچ جانا چاہئیے جو سکیورٹی گارڈس ہماری صنعتوں اور ایرپورٹس کی نگرانی کررہے ہیں ان تک بھی دیپاولی کا پیام پہونچایا جائے ۔ ہماری فورسس نے ہماری سلامتی کے لئے سخت مشکلات سے گزر کر اپنا فریضہ ادا کیا ہے ۔ وادی کشمیر میں جاری بدامنی کا درپردہ حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج میں اتحاد سے ہی طاقت ملتی ہے اور یہی طاقت علحدگی پسندوں کو شکست دے گی ۔ کثرت میں وحدت ہی ہمارے ملک کی طاقت ہے ۔ ہر ایک شہری اور ہر ایک وحدت کو اتحاد و طاقت کے لئے کام کرنا ہوگا ۔ علحدگی پسندی کی ذہنیت اور رجحانات کو ناکام بنانا ہوگا ۔

ایک عہدہ ایک پنشن کی پہلی قسط 5500 کروڑ جاری
کنور (ہماچل پردیش) /30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم پر عمل آوری کیلئے پہلی قسط کے طور پر5,500  کروڑ روپئے ادا کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے وعدہ کو پورا کیا ہے ۔ سابق فوجیوں کے مسئلہ کو حل کرلیا گیا ہے جو گزشتہ 40 سال سے معلق تھا ۔ وزیراعظم مودی ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ سے 270 کیلو میٹر دور سمڈو میں ہند۔تبت بارڈر سکیورٹی فورس اور فوج کے ساتھ دیپالی مناتے ہوئے ان کی سکیورٹی خدمات کی ستائش کی اور جوانوں کے ساتھ کچھ دیر بات چیت کرتے ہوئے وقت گزارا ۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم بننے کے بعد ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم کے تحت صرف 200 یا 500 کروڑ روپئے جاری نہیں کئے ہیں بلکہ 10,000 کروڑ روپئے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔