ملائم کے اترپردیش میں دوغلاپن!

پناہ گزینوں کی زبوں حالی کے درمیان نئے سال کی موج مستی کا اہتمام
لکھنؤ ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں اس سے زیادہ امتیاز اور فرق کا نظارہ اور کیا ہوسکتا ہے کہ سال نو کا استقبال ایٹاوا میں ملائم سنگھ یادو کی فیملی کے زیراہتمام موج و مستی سے بھری تقریب میں سیفائی کے دیہاتیوں نے شاہانہ انداز میں کیا جبکہ چند سو کیلو میٹر کے فاصلہ پر اضلاع مظفرنگر اور شاملی کے ریلیف کیمپوں میں پناہ گزینوں کو 0.3 ڈگری سیلسیس کی منجمد کردینے والی سردی میں رات گزارنے میں جدوجہد کرنی پڑ رہی تھی۔ ملائم سنگھ کے آبائی موضع سیفائی میں سال نو کا استقبال پٹاخوں کی گھن گرج کے ساتھ کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ تقریباً 4000 لوگوں کی شادمانی کیلئے پٹاخوں پر ایک کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جبکہ اس کے مقابل دگنی تعداد میں پناہ گزین ریلیف کیمپوں میں سڑ رہے تھے ۔ دیہاتیوں کی تفریح کیلئے شوبز انڈسٹری کی شخصیتوں بشمول بالی ووڈ سنگر جاوید علی اور کامیڈین راجو سریواستو کے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔ ممبئی سے آئے ڈانسرس نے بھی حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس جشن کے موقع پر صبح تک ملائم اور اکھیلیش کی باپ ۔ بیٹا جوڑی موجود رہی حالانکہ انہیں سیفائی مہااتسو کے اہتمام پر تنقیدوں کا سامنا رہا ہے۔ سیفائی میں یہ سالانہ ایونٹ 26 ڈسمبر کو شروع ہوکر 13 جنوری کو اختتام پذیر ہوتا ہے جہاں موضع سیفائی موج مستی میں مگن رہا، وہیں مظفرنگر و شاملی کے 17 ریلیف کیمپوں میں 9000 پناہ گزین شدید سردی میں ٹھٹھر رہے تھے۔