ملائشیا: لفظ ’اللہ‘ کا استعمال، بائبل کے 300 نسخے ضبط

کوالالمپور ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا میں حکام نے ایک بائبل سوسائٹی سے بائبل کے 300 سے زائد نسخے ضبط کر لیے ہیں کیونکہ ان میں لفظ ’اللہ‘ خدا کیلئے استعمال ہوا ہے۔ بائبل سوسائٹی کے منتظمین نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ضبط کرنے کی کارروائی کے دوران ان کے دو عہدیداروں کو مختصر مدت کیلئے تحویل میں لیا گیا تھا۔ اکتوبر میں ایک عدالت نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ غیر مسلم شہری خدا کیلئے اللہ کا لفظ استعمال نہیں کر سکتے۔ اس کے بعد اپیل کے نتیجے میں عدالت نے کہا کہ لفظ اللہ صرف اسلام کیلئے لازمی اور مخصوص ہونا چاہیے ورنہ اس سے نقصِ امن کا خطرہ ہے۔ ملائشیا میں تمام مسالک کے لوگ خدا کیلئے اللہ کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔ عیسائیوں کا کہنا ہے کہ وہ ملائی زبان میں یہ لفظ عرصہ دراز سے استعمال کرتے آ رہے ہیں اور یہ فیصلہ ان کے حقوق کا استحصال ہے۔ 2009 میں ملائشیا ہی کی ایک ذیلی عدالت نے اس لفظ کے استعمال کی اجازت دی تھی جس کے بعد ملک میں مذہبی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا اور کئی گرجا گھروں اور مساجد پر حملے بھی کئے گئے تھے۔

حکومت کے حامیوں نے حکومت کے بائبل ضبط کرنے کے عمل کی حمایت کی ہے تاکہ وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف غریب مسلمانوں میں پائے جانے والے غصے کو کم کیا جا سکے جو حکومت کی جانب سے رعایتیں واپس لئے جانے اور بجلی، پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے برہم ہیں۔ ملائی زبان میں لکھے گئے بائبل کے یہ نسخے سیلنگور ریاست میں ضبط کئے گئے۔ بائبل سوسائٹی آف ملائشیا کے سربراہ لی من چون نے روئٹرز کو بتایا کہ ’’ہمیں بتایا گیا کہ ہم سیلنگور ریاست کے قانون کے توڑنے کے جرم میں زیر تفتیش ہیں جو غیر مسلموں کو اللہ لفظ استعمال کرنے سے منع کرتا ہے‘‘۔ وزیراعظم نجیب رزاق کی مخلوط حکومت میں شامل مرکزی جماعت یونائیٹڈ ملے نیشنل آرگنائزیشن یعنی یو ایم این او نے کہا ہے کہ اس کے اراکین سیلنگور ریاست کے تمام گرجا گھروں کے سامنے اتوار کو اللہ لفظ کے غیر قانونی استعمال کے خلاف احتجاج کریں گے۔ یہ بات یو ایم این او کے نائب صدر اور نائب وزیر اعظم محی الدین یاسین کے حوالے سے مقامی میڈیا میں سامنے آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سب کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے۔