مغربی کنارہ میں فلسطینی نے دو اسرائیلیوں کو ہلاک کردیا

یروشلم ۔13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک فلسطینی شہری نے دو اسرائیلیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا جبکہ دیگر دو کو زخمی کردیا۔ یہ واقعہ مقبوضہ مغربی کنارہ کے ایک بس اسٹاپ پر رونما ہوا۔ دریں اثناء اسرائیلی فوج نے بھی اپنے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ ایک فلسطینی شہری نے بس اسٹاپ پر فائرنگ کرتے ہوئے دو اسرائیلیوں کو ہلاک کردیا جبکہ آصف جنکشن نامی اس بس اسٹاپ پر پیش آئے اس واقعہ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے البتہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس واقعہ کی توثیق نہیں کی کہ آیا حملہ آور نے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

یروشلم میں ایک حملہ آور ہلاک
یروشلم ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یروشلم میں ایک حملہ آور نے اسرائیلی سرحدی پولیس کے دو اہلکاروں کو چاقو گھونپ دیا جس کے بعد پولیس کے دیگر اہلکاروں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ جن دو پولیس اہلکاروں کو چاقو گھونپا گیا ہے ان کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔