مصباح ہانگ کانگ بلٹز کی ٹیم کے کپتان مقرر

ہانگ کانگ ، 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ٹسٹ کیپٹن مصباح الحق نے ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی بلٹز کی ٹیم ہانگ کانگ آئس لینڈ یونائیٹڈ(ایچ کے آئی) سے معاہدہ کرلیا جہاں وہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ خبررساں دارے ’پی پی آئی‘ کی رپورٹ کے مطابق لیونین گلوبل اسپورٹس کی مالک اور پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی چمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی سربراہ آمنہ نقوی نے مصباح الحق کی ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کا اعلان کیا۔ مصباح اگلے ماہ ہونے والے ایونٹ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے جس کے اختتام کے فوری بعد وہ ایچ کے آئی کی قیادت کرنے ہانگ کانگ پہنچ جائیں گے۔ ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی بلٹز میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں جس کے دوسرے سیزن کا آغاز 8 مارچ کو ہوگا اور ایونٹ 12 مارچ تک جاری رہے گا۔

 

اسٹوارٹ براڈ کے آل ٹائم XI میں
تنڈولکر واحد ہندوستانی کھلاڑی
نئی دہلی ، 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر انگلینڈ پیسر اسٹوارٹ براڈ نے اپنے آل ٹائم پلیئنگ الیون (XI) کا انتخاب کیا اور موجودہ انگلینڈ کیپٹن السٹیر کک کو اس ٹیم کا کپتان نامزد کیا ہے۔ انڈیا کے بیٹنگ لجنڈ سچن تنڈولکر یہ فہرست میں واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں جس میں تین انگلش اور چار آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ براڈ کی ٹیم یوں ہے: میتھیو ہیڈن، السٹیر کک، برائن لارا، رکی پانٹنگ، سچن تنڈولکر، ژاک کالیس، میتھیو پرائر، شین وارن، سر رچرڈ ہیڈلی، گلن مک گرا، جیمز اینڈرسن۔ وارن کو وائس کیپٹن نامزد کیا گیا۔