مسلم پرسنل لا میں مداخلت کی کوشش

برہمن دھرم مسلط کرنے کی سازش ،مسلمان چوکنا رہیں: مولانا ولی رحمانی
پٹنہ ۔ /19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت مسلم پرسنل لا میں مداخلت کی کوشش کررہی ہے ۔مسلم پرسنل لا بورڈ کے کارگزار جنرل سکریٹری مولانا ولی رحمانی نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اقدامات مسلم پرسنل لا میں مداخلت کے مترادف ہے اور یہ ہمارے لئے انتہائی سنگین معاملہ ہے ۔ ہمیں صورتحال پر کڑی نظر رکھنی ہوگی اور ان اقدامات کو ناکام بنانا ہوگا ۔ مولانا ولی رحمانی نے کہا کہ شادی ، طلاق اور ترکہ کی تقسیم جیسے امور کے بارے میں اسلام نے جو احکامات دیئے ہیں، پرسنل لا ان کی حفاظت کا ضامن ہے ۔ لیکن حالیہ عرصہ کے دوران مرکزی حکومت نے بعض ایسے اقدامات شروع کئے ہیں جومسلم پرسنل لا پر اثر انداز ہونے کی کوشش کے مترادف ہیں ۔انہوں نے مسلمانوں سے بھی خواہش کی ہے کہ وہ پرسنل لا بورڈ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔ مولانا ولی رحمانی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ انہوں نے مسلم گروپس اور انفرادی طور پر بعض شخصیتوں کو مکتوب تحریر کیا ہے جس میں ان سے خواہش کی گئی ہے کہ اسلامی احکامات  پر کئے جارہے حملوں کے خلاف چوکس و چوکنارہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بھی ہمیشہ باخبر رہنا چاہئیے کیونکہ بعض تنظیمیں اسلامی بنیادی عقائد پر حملے کی کوششیں کررہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مسلمانوں پر برہمن دھرم کو مسلط کرنے کی بھی مذموم سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ، سوریہ نمسکار اور ویدوں کی تہذیب دراصل ’’برہمن دھرم‘‘ کا حصہ ہے اور یہ اسلامی عقائد کے بالکل مغائر ہے ۔