مسلم پرسنل لا بورڈ کی میٹنگ آج، اجودھیا معاملہ پر ہو سکتی ہے بات چیت

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اتوار کے روز لکھنئور میں ایک اہم میٹنگ کرنے جا رہا ہے۔ ورکنگ کمیٹی کی اس میٹنگ میں اجودھیا معاملہ کو لے کرموجودہ صورتحال سمیت دیگر معاملات پر بات ہو گی۔ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے اس بات کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کی یہ میٹنگ لکھنئو کے ندوہ میں ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس میٹنگ میں بابری مسجد معاملہ سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ اجودھیا میں رام مندر تعمیر کے لئے وشو ہندو پریشد اور کچھ دیگر تمظیموں کے ذریعہ حکومت پر قانون بنانے کا دباو ڈالے جانے کا معاملہ بورڈ کی میٹنگ کے ایجنڈا میں شامل نہیں ہے۔ لیکن، موجودہ حالات کے مدہ نظر اس پر بھی لازمی طور پر بات چیت ہوگی۔

مولانا ولی رحمانی نے بتایا کہ آرڈیننس لا کر اجودھیا میں رام مندر تعمیر کے مسلسل اٹھ رہے مطالبہ کو لے کر بورڈ کافی سنجیدہ ہے۔ بورڈ کے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں حکومت کی جانب سے آرڈیننس لائے جانے پر بورڈ کی کیا تدبیر ہوگی، اس پر بھی غور کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجد معاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت کے بیچ رام مندر تعمیر کے لئے آرڈیننس کے مطالبہ کو بورڈ قانون اور عدالت کے خلاف مانتا ہے۔