مسلمان اور عیسائی بھائی بھائی : پوپ

بنگوئی ۔ 30 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) پوپ فرانسس نے آج کہا کہ عیسائی اور مسلمان ’’بھائی ‘‘ ہیں ۔ انھوں نے نفرت اور تشدد کو مسترد کرنے پر زور دیا ۔ وسطی آفریقہ جمہوریہ کے دارالحکومت میں ایک مسجد کے دورہ کے موقع پر انھوں نے یہ بات کہی جسے مسلکی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ پوپ فرانسس آفریقہ کے تین ممالک کے دورہ پر ہیںاور آج انھوں نے بنگوئی کا دورہ کیا جسے انتہائی خطرناک تصور کیا جارہا تھا ۔ سڑک پر ہزاروں افراد پوپ فرانسس کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔ اُن کی گاڑی جیسے ہی گذری لوگ ہاتھ لہراکر استقبال کررہے تھے ۔ پوپ فرانسس نے کوڈوکا مسجد میں مسلم قائدین سے ملاقات کے بعد کہا کہ عیسائی اور مسلمان بھائی بھائی ہیں ۔ ہمیں ملکر نفرت کو ختم کرنا ہوگا ۔ تشدد سے نمٹنا ہوگا بالخصوص ایسے تشدد سے جو مذہب یا خدا کے نام پر کیا جارہا ہے ۔ اُن کا یہ پیام ایک مصالحتی پیشکش ثابت ہوا جہاں مسلم باغیوں کے ایک گروپ نے امن کی راہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ۔