مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول پید ا کرنیوالے تاریخ اسلام سے نابلد

سیتا پوری میں منعقدہ جشن دیدار حرم میں آچاریہ پرمود کرشنم کا اظہار خیال
نئی دہلی۔ اسلام وہ مذہب ہے جس میں محبت‘ روداری ‘ اخلاص ‘ تہذیب او ربھائی چارہ جیسے صفات کا خاص عمل دخل ہے جو لوگ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول پید ا کررہے ہیں وہ تاریخ اسلام سے بابلد ہیں ۔

ایسے لوگ نہ تو اپنے مذہب کے وفاد ہوتے ہیں اور نہ ہی ملک کے ۔ مسلمانان سیتا پوری چانکیہ پیالس کی جانب سے غریب نواز فاونڈیشن کے چیرمن مولانا انصار رضا کی روانگی حج کے موقع پر سیتا پوری میں منعقدہ جشن دیدار حرم میںآچاریہ پرمود کرشنم نے مذکورہ خیالا ت کا اظہار کیا۔

انہو ں نے مولانا انصار رضا سے گذارش کرتے ہوئے کہاکہ وہا ں پہنچ کر ہمارا سلام عرض کرنا اور اس کے بعد دعا کرنا کہ ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب ہمیشہ قائم ودائم رہے اس لئے کہ مادر وطن کے کچھ ناخلف اولاد اس شناخت کو مٹانے میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آپ لوگ روزانہ ٹیلی ویثرن پر ہندوستان دیکھتے ہیں وہ ہندوستان نہیں ہے اگر سچا ہندوستان دیکھنا ہے تو اس جشن دیدار حرم میں دیکھئے کہ ایک آچاریہ سفر حج کی مبارک بادینے آیاہے اس لئے کہ مجھے پتہ ہے جوپیغمبر ہوتے ہیں کسی مذہب یا قبیلے کے لئے خاص نہیں ہوتے بلکہ سارے عالم کے لئے پیغمبر ہوتے ہیں یہی وجہہ ہے کہ نبیؐ رحمت العالمین بن کر تشریف لائے ۔

مولانا فاروقی رضابرکاتی‘ مولاناابصار رضاقادری او رمولانا عمر اشفاقی نے حج بیت اللہ کی اہمیت او رافادیت او رمذہبی نقطہ نظر سے سیر حاصل گفتگو کی۔ پروگرام کا آغاز رضوی مولانا شرافت حسین کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

بارگاہ رسالت مآبؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت ڈاکٹر فیروز راحت کلکتوی‘ قاری عبدالرحمن جامی لکھنو‘ عمران برکاتی‘ ساجد رضوی اور رفیق جائیسی نے پیش کی۔نظامت مولانا سید قیصر خالد فرودوسی نے کی ۔ مولانا انصار رضا نے تمام مہمانان وحاضرین کا شکریہ ادا کیا۔