مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی جانب پیشرفت جاری : چین

۔23 اپریل کی مدت ناقابل قبول

بیجنگ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چین نے اُن رپورٹس کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے اسے 23 اپریل تک الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ پاکستان میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی راہ میں حائل تیکنیکی رکاوٹ کو ختم کردے۔ چین کا استدلال ہے کہ ایسا کوئی الٹی میٹم نہیں دیا گیا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ معاملہ اپنے منطقی انجام تک پہنچنے رواں دواں ہے۔ یاد رہے کہ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گرد حملوں کے بعد اظہر مسعود کو 1267 القاعدہ سینکشینز کمیٹی کے مطابق عالمی دہشت گرد قرار دینے کے مطالبہ نے ایک بار پھر سَر اٹھایا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فرانس، امریکہ اور برطانیہ سے قرارداد پیش کی تاہم چین نے اس معاملے کو تیکنیکی رکاوٹ کہہ کر آگے بڑھنے سے روک دیا تھا جس کے بعد فرانس، امریکہ اور برطانیہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے راست ربط پیدا کرتے ہوئے مسعود اظہار کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔