مسئلہ کشمیر کو حل کرنے ہمہ رخی مذاکرات کی تجویز

صدر ترکی رجب طیب اردغان کی آمد ،آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات
نئی دہلی ۔ /30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )صدر ترکی رجب طیب اردغان نے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے ہمہ رخی مذاکرات کی تجویز پیش کی تاکہ علاقہ میں امن کی برقراری یقینی ہوسکے ۔ رجب طیب اردغان آج رات نئی دہلی پہونچے ۔ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے کل ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے نیوکلیر سپلائرس گروپ (این ایس جی) میں ہندوستان اور پاکستان کی رکنیت کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو اس پر اعتراض نہیں کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے ایک نیوز چیانل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ کشمیر میں انسانی ہلاکتوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہئیے ۔ ہمہ رخی مذاکرات کے ذریعہ ہم اس مسئلہ کا مستقل حل تلاش کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کے مفاد میں یہی ہوگا کہ وہ اس مسئلہ کو حل کریں اور آئندہ نسلوں کو متاثر ہونے نہ دیں ۔ دنیا بھر میں کہیں بھی مذاکرات سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں ۔ اگر ہم عالمی امن کیلئے اپنا حصہ ادا کریں گے تو مثبت نتائج بھی برآمد ہوں گے ۔ رجب طیب اردغان نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ترکی کے دوست ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو تمام متعلقہ فریقین مذاکرات کے ذریعہ حل کریں ۔ یہ مسئلہ تقریباً 70 سال سے لیت و لعل کا شکار ہے ۔ ترکی میں کرد مسئلہ کے تعلق سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے اس کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا ۔ ہمیں کرد عوام سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے بلکہ دہشت گرد تنظیم سے مسئلہ درپیش ہے ۔ کرد مسئلہ ایک علاقائی تنازعہ ہے جبکہ جموں و کشمیر کی صورتحال بالکل الگ ہے اور ہمیں ان دونوں میں موازنہ کی غلطی نہیں کرنی چاہئیے ۔