مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے حکومت پابند عہد:گنگوار

نئی دہلی، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر محنت وروزگار سنتوش کمار گنگوار نے مزدوروں کے مفاد اور بہبود کے لئے سرکار کے پابند عائد عہد کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ غیر منظم زمرہ کے مزدوروں کی زندگی کے معیار میں سدھار لانے کے لئے بنیادی طور پر تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ جس سے سماجی تحفظ کا دائرہ بڑھ جائے گا۔مسٹر گنگوار نے یہاں عالمی یوم مزدور کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں کہا کہ سرکار مزدوروں کے مفاد کو محفوظ کرنے کے لئے سخت کوششیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی مزدور، عزت کی زندگی بسر کرسکیں۔ اس کے لئے حکومت سماجی تحفظ کے دائرے کو وسیع کررہی ہے ۔ اس طریقے سے مزدوروں کو کم سے کم خرچ میں لائف انشورنس، صحت بیمہ، رہائش کی سہولت، تعلیم اور پرویڈنٹ فنڈ اور پینشن شامل ہیں۔اس موقع پر مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ کے وزیر نتن گڈکری بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزدوروں کو عالمی یوم مزدور کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے مزدوروں کواعزاز سے نوازا۔نوازے گئے مزدوروں کو توصیفی سند اور نقد رقم بھی دی گئی۔مسٹر گنگوار نے مرکزی حکومت کی مزدوروں کے فلاح سے متعلق اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا دھیان خاص کر غیر منظم مزدوروں کے سیکٹر پر ہے ۔ حکومت نے کم از کم مزدوری میں اضافہ کیا ہے اور سبھی زمروں میں اس کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ پورے ملک میں تمام مزدوروں کا 50 فیصد حصہ غیر منظم زمرہ میں ہے ۔