مراٹھی روزنامہ میں اہانت آمیز کارٹون ، مسلمانوں کا شدید احتجاج

ممبئی ۔ 30 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے ایک مراٹھی روزنامہ میں اہانت آمیز کارٹون کی اشاعت کے خلاف مسلمان سڑکوں پر نکل آئے اور اخبار کی کاپیوں کو نذر آتش کردیا ۔اس کے علاوہ اکولہ اور جلگاؤں میں واقع دفاتر پر توڑ پھوڑ کی ۔ اس روزنامہ میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس ) کے تعلق سے ایک آرٹیکل شائع کیا گیا جس میں اہانت آمیز کارٹون بھی پیش کیاگیا ۔ عوام کے زبردست احتجاج کے بعد لوک مت گروپ نے اپنی ویب سائیٹ پر معذرت خواہی کی ہے ۔ لوک مت گروپ سینئر کانگریس لیڈر وجئے داردا کی ملکیت ہے ۔ اس گروپ کے لیڈر دیناکر رائیکر نے کہا کہ سہواً یہ کارٹون شائع ہوا ہے اور ہمیں یقینا احتیاط برتنی چاہئے تھی ۔ انھوں نے کہاکہ اخبار کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچانا نہیں چاہتا اور ہم غیرمشروط معذرت خواہی کرتے ہیں۔ مہاراشٹرا میں مختلف مقامات پر جہاں مظاہرے کئے گئے وہیں ایک احتجاج کی قیادت مالیگاؤں کے کانگریس رکن اسمبلی شیخ آصف شیخ راشد کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم اسلام کے بارے میں کسی طرح کی اہانت برداشت نہیں کرسکتے ۔ انھوں نے کہاکہ میڈیا کو مذہبی معاملات میں محتاط رہنا چاہئے ۔ جب انھیں یہ بتایا گیا کہ آئی ایس بھی یہی نشان (مہر نبوتؐ) استعمال کرتی ہے جو کارٹون پر شائع کیا گیا تو انھوں نے کہاکہ خود انھوں نے آئی ایس کے خلاف کئی احتجاجی مظاہرے کئے ہیں اور آئی ایس کی جانب سے اس کے استعمال کا مطلب یہ نہیں کہ سارے مسلمان اس کی تائید کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ اظہار خیال کے معاملے میں ہم اہانت رسول ؐ کو قطعی برداشت نہیں کریں گے ۔