مذہب اختیار کرنے کی ہر شخص کو آزادی : راجناتھ سنگھ

تھرواننتاپورم ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مذہب ’’ہر شخص کا شخصی انتخاب‘‘ ہے اور یہ ہمیشہ کسی بھی قسم کی دھمکیوں اور ترغیب سے پاک ہونا چاہئے بی جے پی کے سینئر قائد نے یہ بیان اس وقت دیا جبکہ وہ ہندوستانیوں کو اس بات کی آزادی دے رہے تھے کہ وہ اپنے مذہب پر فخر کریں ۔ انہوں نے تمام مذہبی طبقات سے اپیل کی کہ وہ صبروتحمل اختیار کریں اور معاشرہ کے استحکام کی فکر کریں۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کا یہ دیرینہ طریقہ کار ہیکہ وہ ہر مذہب اور عقیدہ کو خوشدلی سے برداشت کرتا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ ایک شہری استقبالیہ میں حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس عقیدت کو تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی کہ ہر شخص مساوی ہے اور ہمیں تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ مذہب شخصی انتخاب ہے اور اسے تخویف اور ترغیب سے پاک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان متحد قوم ہے اور اس کا اتحاد مذہب اور عقیدہ سے بالاتر ہے۔ پورے سماج کی رہنمائی دستور کرتا ہے جس کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ یہ صرف ملک کی قدیم تہذیبی روایتوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا ہندوستانی تمدن دیرینہ روایات کا حامل ہے۔ ہر شخص کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ اس کو برداشت کیا جاتا ہے اور اس کا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کو تشدد اور دشمنی مذہب کے نام پر نہیں کرنا چاہئے بلکہ بحیثیت ہندوستانی قوم متحد ہونا چاہئے۔