مذہبی خبریں

احکام الہیٰ اور سنتوں پر عمل آوری میں ہی حقیقی کامیابی مضمر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( تبارک نیوز ) : حضرت محمد ﷺ کی سنتوں پر عمل کر کے ہی ہم سچے عاشق رسول ﷺ کہلانے کے مستحق ہوسکتے ہیں ۔ حضور کے فرمان اور احکام الہی پر سختی سے پابند ہو کر ہم دین و دنیا میں کامیاب و کامران ہوسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید شاہ محمد جلال الدین اشرف اشرفی جیلانی کچھوچھ شریف نے کیا ۔ وہ اہلیان محلہ مولا علی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ جلسہ عید میلاد النبیؐ سے مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اقطاع عالم کو شر انگیزی اور دہشت گردی سے نجات دلانا ہو تو وہ سیرت محمدؐ پر عمل پیرا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے انسانوں کے لیے اللہ تعالی نے ایک ضابطہ قانون قرآن حکیم نازل فرمایا اور اس پر عمل پیرا ہونے کے لیے آقائے دو جہاں احمد مصطفیﷺ کو دنیا میں مبعوث فرما کر عملی زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ اسوہ حسنیٰ پر عمل پیرا ہو کر اپنی دین و دنیاوی زندگی کو سرخرو کریں ۔ ممتاز اسکالر سید علیم الدین اشرفی نے حب رسول ﷺ اور بشر و خیر الانعام کے موضوع پر مدلل اظہار خیال میں حب رسول سے متعلق کہا کہ اس وقت تک ایمان کامل نہیں ہوسکتا جب کہ وہ اپنی جان مال اور تمام پسندیدہ چیزوں سے بڑھ کر حضور ﷺ سے محبت نہ کرے ۔ مولانا محمد عبدالرشید نقشبندی نے نظامت کے فرائص انجام دئیے ، جلسہ کا آغاز حافظ احسن علی نظامی شازلی کی قرات سے ہوا ۔ سید فرقان احمد نقشبندی ( نلدرگ ) مہاراشٹرا ، سید غوث پاشاہ حسینی اور سید شاہ مصطفی قادری نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت پیش کی ۔ محمد ایوب علی ، محمد بشیر احمد قادری ، محمد امین الدین ، محمد شوکت علی قادری نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ سامعین کے لیے تناول تبرک کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا ۔ محمد عبدالرحیم اشرفی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔۔

جشن میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : سید رحیم اللہ شاہ کے بموجب 30 جنوری کو جشن میلاد النبیؐ بمقام مسجد حضرت امیر حمزہؓ نزد بوائز ٹاون اسکول تاڑبن نئی روڈ بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ جس کی صدارت مولانا سید شاہ ہاشم عارف باشاہ قادری کریں گے ۔۔

کاماریڈی میں جلسہ سیرت خاتم الانبیاء
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا ابرار الحسن رحمانی قاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی کے بموجب 31 جنوری بعد نماز عشاء دارالعلوم مصباح الہدی نزد مسجد نور اندرا نگر کالونی کاماریڈی میں ہفتہ تحفظ ختم نبوت کے ضمن میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ آندھرا پردیش زیر اہتمام جلسہ سیرت خاتم الانبیاء منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صدارت کریں گے ۔ مولانا یحییٰ نعمانی ناظم المعہد العالی للدراسات الاسلامیہ لکھنو مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔

ماہانہ محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : ماہانہ محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ قادریؒ 28 ربیع الاول بمقام آستانہ عالیہ فیض النذر ، موضع ڈی پوچم پلی منڈل قطب اللہ پور ضلع رنگاریڈی نزد دنڈیگل پولیس اسٹیشن زیر نگرانی مولانا منصور احمد شاہ قادری النذری قیصر بابا جانشین حضرت ممدوح بعد عشاء مقرر ہے ۔ بعد عصر چادر گل شجرہ خوانی و فاتحہ خوانی ہوگی ۔ بعد عشاء محفل کا آغاز حافظ سعادت حسن قادری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ سید یوسف قادری کنگ کوٹھی دیگر نعت خواں بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔۔

جشن ظہور
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : جشن ظہور حضرت احمد مجتبیٰ و حضرت صادق آل محمد منجانب بزم حیدری ذوالفقار حیدرآباد کے بموجب 28 ربیع الاول 9-30 بجے شب بمقام حسن سبز قبا نورین نور خاں بازار مقرر ہے ۔ جس میں سید احمد علی رضوی ، سید ندیم احمد ، سید حسن عباس ہاشم عابدی ، سید محمد کاظم عباس عابدی نعت و منقبت پیش کریں گے ۔۔

رحمت الہیٰ کے لیے اتباع نبیؐ کی تلقین
اسلامک سنٹر چھتہ بازار میں اجتماع ، حافظ محبوب فرید کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : سیرت النبیؐ کے مطالعہ سے اور اس کے سننے سے وابستگی ہوتی ہے ۔ ایمان میں جلا پیدا ہوتا ہے اور تقویت ملتی ہے ۔ یہ سیرت صرف معلومات کی حد تک محدود نہ ہو بلکہ سیرت طیبہ کو پڑھ کر اس کو اپنی زندگی میں اپنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب حافظ محبوب فرید نے جماعت اسلامی ہند حلقہ چارمینار کے زیر اہتمام اسلامک سنٹر چھتہ بازار میں منعقد اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا ہے جب تک ہم اپنے آپ ، اولاد اور اپنے والدین سے بھی زیادہ محبوب نبی اکرم ﷺ کو نہ سمجھیں ۔ پہلے حد درجہ نبی ؐ سے محبت ہو پھر ہم آپؐ کے اخلاق کو اپنائیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم آپ ؐکے اخلاقی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں ۔ جماعت اسلامی کا یہی نظریہ ہے کہ نبی ؐ کے مشن کو اپنایا جائے اور اسے عام کیا جائے ۔ اللہ اورا س کے رسولؐ کی اطاعت کی جائے ، اتباع کیا جائے اور ان سے محبت کی جائے جو اللہ اور رسول ؐ کی اطاعت کرتا ہے اس پر اللہ کی رحمت ہوتی ہے ۔ خوشی سے اطاعت کرنے کا نام اتباع ہے ۔ اتباع کریں گے تو اللہ تعالی گناہوں کو معاف کردیتے ہیں ۔ آخری چیز ہے محبت کہ اللہ کے رسول اکرم ؐ سے محبت کریں ، صحابہ کرامؓ آپؐ سے سب سے زیادہ محبت کرنے والے تھے ۔ جان سے بھی زیادہ عزیز ہوں تبھی ایمان مکمل ہوتا ہے ۔ آپؐ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم کثرت سے درود پڑھیں ۔ اس کی وجہ سے آپؐ ہمیں قیامت میں بھی حوض کوثر پر بھی پہچان لیں گے چنانچہ درود پڑھنے کی عادت ڈالنی چاہئے ۔ قبل ازیں جناب عبداللہ جان ناصر نے قرآنی آیتوں کا حاصل مطالعہ پیش کیا ۔ جب کہ امیر مقامی جناب اکبر حسین نے اختتامی کلمات ادا کئے ۔۔