مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (فیاکس) جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بمقام خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیقؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید منعقد ہوگا ۔

خواتین کیلئے جشن میلاد نور مجسم ﷺ و زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (راست) خواتین کیلئے جشن میلاد نور مجسمؐ /6 ڈسمبر کو 10 بجے دن طیبہ فنکشن ہال نزد کمیلہ کاماٹی پورہ مقرر ہے ۔ سرپرستی مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری چشتی قادری کریں گے ۔ مرکزی انجمن سیف الاسلام کے زیراہتمام منعقدہ شدنی جشن سے محترمہ امۃ المتین سودہ ، محترمہ امۃ الحبیب شہناز ، محترمہ امۃ الآمنہ عارفہ ، محترمہ امۃ المعین خدیجہ اور میمونہ سمرہ جویریہ فضہ مخاطب کریں گے ۔ ایک بجے دن زیارت آثار مبارک کروائی جائے گی اور 2 بجے دن تا 4.30 بجے شام تک مرد حضرات کے لیے جلسہ ہوگا ۔ قصیدہ بردہ شریف مجلس ریاض الجنۃ پیش کریں گے اور مولانا سید فریدالدین جیلانی حسنی حسینی نوال اللہ شاہ نوری چشتی قادری کا بیان ہوگا ۔ زیارت آثار مبارک ہوگی ۔

درس تفسیر القرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (راست) درس تفسیر القرآن برائے خواتین روزانہ 12 تا 3 بجے دن قیامگاہ جناب سید سمیع اللہ واقع روبرو مسجد قوت اسلام قاضی پورہ میں مقرر ہے ۔

حضورؐپر جان سے فدا ہو جانا اورآپ کے ارشادات کی تعمیل اور سنتوں کو اختیار کرنا ایک سچے مومن اور عاشق رسولؐ کی پہچان
’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن میں جشن میلاد رحمۃ للعلمینؐ ،ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر حضرات کے خطابات
حیدرآباد ۔5؍ڈسمبر ( پریس نوٹ) خالق کونین رب العالمین اللہ جل جلالہ نے اپنے حبیبؐ کی پیدائش ، ان کے تشریف لانے اور دنیا میں بھیجے جانے کا قرآن مجید اور دیگر کتب سماوی میں ذکر فرمایا ہے ۔’’ ارسل‘‘ ،’’ بعث ‘‘یا ’’جآء کم‘‘ کے ساتھ ارشادات حق تعالی ظہور قدسی یعنی کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اور بعثت شریف سے متعلق ہیں ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ روز میثاق سب سے پہلے رب تبارک و تعالی نے ذکر میلاد کی ابتداء فرمائی۔قرآن حکیم میں بہت ساری آیات شریفہ ہیں ، جو خاص اس موضوع سے متعلق ہیں ، جن سے ذکر آمد رسول محتشم ؐ کی اولیت و عظمت کا نورانی اظہار ہوتا ہے ۔ انبیاء علیہم السلام سے حضور انورؐ پر ایمان لانے کے عہد و پیمان کے بعد سے سارے انبیاء میںحضورؐ کی جلوہ گری کا چرچا ایک حقیقت ہے ۔ انبیاء علیہم السلام کی مقدس مجلسوں میں آپ کی ولادت و بعثت کا ذکر خیر رہا کرتا ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے خود اپنی میلاد شریف کا مختلف موقعوں پر الگ الگ انداز سے ذکر مبارک کیا ہے ۔ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کرتے ہوے سادات محترم، مشائخ عظام، علمائے کرام، دانشوران گرامی اور ریسرچ اسکالرس نے 25؍ ربیع الاول شریف بعد نماز عشاء حمیدیہ شرفی چمن میں منعقدہ عظیم البرکات جشن میلاد رحمۃ للعلمین ؐ کے موقع پر عاشقان رسالت مآب ؐ کے کثیر اجتماع سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے نگرانی کے فرائض انجام دئیے۔قرآء ت کلام پاک سے جشن میلاد کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا گیا۔پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے خطبہ استقبالیہ دیا اور اپنے خطاب میں احادیث شریفہ کے حوالوں سے بتایا کہ رسول اللہؐ عالم آفرینش میں سارے نبیوں سے پہلے اور عالم ظہور و بعثت میں آخر ہیں۔ حضورؐ ہی اول ہیں جن سے روز الست میثاق لیا گیا اور حضورؐ نے ہی سب سے پہلے ’’ہاں‘‘ کہا۔ حضورؐ کانام نامی اسم گرامی عرش پر جنت کے دروازوں پر اور اس کی ہر جگہ پر لکھا ہے۔قرآن حکیم میں یہ بات واضح کی گئی کہ تمام نبیوں سے اس بات کا عہد لیا گیا کہ حب حضرت محمد مصطفیؐ مبعوث ہوں تو وہ آپ پر ایمان لائیں۔ حق تعالیٰ نے اپنے اسم صفت محمود سے اپنے حبیب کا اسم مبارک محمد نکالا۔حضورؐ سے پہلے یہ نام کسی اور کا نہیں رکھا گیا۔رسول اللہؐ کا ارشاد ہے کہ میں تقسیم کرنے والاہوں اور اللہ عطا کرنے والا ہے۔گویا اللہ تعالیٰ نے تمام رزق حضورؐ کے دست اقتدار کے سپرد کر دیا اور ظاہر و باطن کی تربیت و قوت اپنے حبیبؐ کو عطا کی۔مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ و معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے مومنوں کے دلوں میں رسول اللہؐ کی محبت ایسی جاگزیں فرمائی کہ حضورؐ کے ذکر سے ان کی روحیں راحت و سرورپاتیں ہیں۔ انھوں نے حدیث شریف کے حوالوں سے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو زمین میں پھیلا دیا ہے کہ وہ امتی کا صلوٰۃ وسلام حضورؐ کی خدمت اقدس میں پیش کریں۔رسول اللہؐ کے حضور امت کے اعمال پیش کئے جاتے ہیں اور حضورؐ امتی کو ان کی پیشانیوں اور ان کے اعمال سے پہچانتے ہیں۔مولانا ڈاکٹر سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر قادری نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے بہت سارے فضائل و کمالات کو اپنے حبیبؐ کے ساتھ مخصوص کیا ہے اور ان میں دنیا و آخرت میں کوئی نبی بھی حضورؐ کا شریک و سہیم نہیں ہے۔ حضورؐ تمام مخلوقات میں سے ازروئے مزاج اصح و اعدل اور اسلم، ازروئے بدن اطہر ان سب سے ازکیٰ و اصفا ہیں اور باعتبار روحانیت سب سے اکمل و اتم ہیں اور تخلیق کے لحاظ سے ان سب سے لطیف تر اور اشرف ہیں۔مولانا ڈاکٹر سید شاہ محمد عبد المعز قادری شرفی نے کہا کہ رسول اللہؐ سے نسبت رکھنے والی ہر چیز ہر امر اور ہر بات اپنی جگہ بے پناہ فضیلت و شان رکھتی ہے۔مولانا سید شاہ محمد حسینی پیر قادری طاہری نے بتایا کہ رسول اللہؐ نے ارشاد فرمایا کہ میری شفاعت میری امت کے اہل کبائر کے لئے ہے۔اللہ تعالیٰ نے حضورؐ کو جن خصائص سے فضیلت عطا فرمائی ہے ان میں شفاعت کبریٰ بھی ہے۔ مولانا سید شاہ محمد کاظم محی الدین قادری شرفی نے بتایا کہ قرآن حکیم نے رء وف و رحیم فرما کر رسو ل اللہؐ کی رفعت شان اور خصوصی اوصاف مقدسہ کا اعلان فرمایا اور اللہ تعالیٰ نے اپنے یہ دو اسماء مبارکہ سوائے اپنے حبیبؐ کے کسی اور کے لئے نہیں فرمایا۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے کہا کہ حضور انورؐ کی ذات اشرف نفوس اورآپ کا مزاج سب سے زیادہ معتدل، حضورؐ کا خلق احسن اخلاق اور حضور اکرمؐ جملہ جسمانی و روحانی کمالات کے جامع اور خوبصورتی و خوب سیرتی پر حاوی اور سب سے زیادہ کریم، سب سے بڑھ کر سخی اور سب سے بڑھ کر جودوالے ہیں۔نگران جشن ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی نے اپنے خطاب میں حوالوں کے ساتھ بتایا کہ رحمت تامہ اور رسالت عامہ یہ دو ایسے اوصاف جمیلہ ہیں جن کے باعث حضور انورؐ کی فضیلت تمام مخلوقات پر قائم ہو جاتی ہے۔ حضور ختمی مرتبت محمد مصطفیؐ کی رسالت ، رسالت عامہ ہے۔ تمام انسان اس کے احاطہ میں ہیں عربی عجمی، اگلے پچھلے کوئی ہوں سب کے لئے آپ رسول ہیں۔قرآن حکیم میں آیات کثیر اس موضوع سے متعلق ہے جن میں رسول اللہؐ کی دنیا میں جلوہ گری یعنی ساری انسانیت کی ہدایت کے لئے بھیجے جانے اور تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر رونق افروز ہونے کے بارے میں ارشادات ہیں جن سے حضور انورؐ کی بارگاہ حق تعالیٰ میں محبوبیت اور تمام مخلوقات و موجودات میں آپ کی عظمت و شان کا اظہار ہوتا ہے۔جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے موقع پر آثار شریف کی زیارت کروائی گئی بعدہٗ میلاد عشائیہ کا اہتمام ہوا۔اس موقع پر اہل علم و نیز ملت اسلامیہ کے حق پسند اورشیدائیان حُسن و جمال حبیب کبریاؐاوراسوئہ حسنہ کو حرز جان بنانے والے بزرگ و نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔جشن کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالت پناہی میں سلام تاج العرفائؒ پیش کیا گیا ۔ دعائے سلامتی پر جشن رحمۃ للعلمینؐ اختتام پذیر ہوا۔الحاج محمد یوسف حمیدی صدر استقبالیہ نے ابتداء میں خیرمقدم کیااور آخر میں شکریہ ادا کیا۔