مذہبی خبریں

میلاد النبیؐ پر عرش تا فرش ساری کائنات میں جشن
خالق کائنات کی خوشی میں ساری مخلوق بھی شامل ، مرکزی انجمن میں علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں مرکزی انجمن مہدویہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے زیر نگرانی جناب عادل محمد خاں مہدوی صدر مہمان خصوصی مولانا سید محمد نور اللہ خوندمیری نے مخاطب کرتے ہوئے فضائل میلاد النبیؐ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جس وقت حضرت محمد مصطفیؐ کی ولادت ہوئی تو اللہ رب العزت نے فرش و عرش پر میلاد النبیؐ کے جشن کا اہتمام کیا تھا حور و ملائکہ کے علاوہ چرند و پرند فرش سے عرش تک سبھی نے میلاد مصطفیؐ کا جشن منایا جس وقت حضور کی ولادت ہوئی اس وقت بی بی آمنہ کے گھر میں اندھیرا تھا اور ولادت کے ساتھ ہی تمام عالم روشنی میں نہا گیا ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ دینی تعلیم کی طرف توجہ دیں اور والدین و سرپرستوں پر زور دیا کہ اپنی اولاد کی اسلامی طرز زندگی پر توجہ دیں ۔ مولانا حضرت سید نفیس اطہر خوندمیری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ایمان کو قائم رکھیں ۔ جناب سید عبدالسمیع نے والدین کے حقوق پر تفصیلی روشنی ڈالی اور جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں منعقدہ مقابلے جات کے انعام یافتہ محمد سفیان خاں نے نعت شریف سنا کر سامعین سے داد حاصل کی ۔ صدر انجمن مہدویہ نے اس معصوم کی ہمت افزائی کے لیے نقد انعام پیش کیا ۔ جناب سید حسین محمد نے جلسہ کو مخاطب کیا ۔ محمد عبدالقیوم نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ جناب محمد احتشام الحسن نے سامعین کا استقبال کیا ۔ آخر میں نگران کار جلسہ جناب عادل محمد خاں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر مسجد میں تعلیم دینی اور مدرسوں میں دینی تعلیم کا اہتمام کیا جارہا ہے جس سے نوجوان بہرہ ور ہوئے ہیں وہ ایک اچھے مقرر بھی بن سکتے ہیں ۔ حافظ و قاری سید مجتبیٰ حنان مجتہدی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ حضرت سید علی خوندمیری بیخود ، جناب شبیر علی خاں نے نعتیہ کلام پیش کیا ۔ مقابلوں کے انعام یافتگان میں صدر انجمن مہدویہ اور مشائخین کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ جناب سمیع الرحمن خاں ، جناب نسیم حیات خاں خازن ، جناب سید محمد عتیق خوندمیری اراکین استقبالیہ سامعین کا استقبال کیا ۔ جناب سید محمد جیلانی اشرفی نے معتمد استقبالیہ کے فرائض انجام دئیے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں درس قرآن بمکان عبدالرب عقب
مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔

٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بمقام خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق ؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔

جامعتہ المومنات کا اظہار تعزیت
حیدرآباد /28 نومبر ( راست ) ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلی جامتہ المومنات مفتی محمد حسن الدین نقشبندی ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، ڈاکٹر مفتی عبدالواسع احمد صوفی ، ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین ، ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی ، ڈاکٹر مفتیہ تہمینہ تحسین ، ڈاکٹر مفتیہ نسرین افتخار ، ڈاکٹر مفتیہ عاتکہ طیبہ شیوخین جامعتہ المومنات نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ڈاکٹر مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی رکن شرعی عدالت جامعۃ المومنات کا سانحہ ارتحال ملت اسلامیہ کیلئے دینی فلاحی ، معاشی رہنمائی کرتے رہے ۔ اللہ تعالی سے دعاء ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 29 نومبر کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد فاروق رضا قادری کا عظمت مصطفی ؐ پر خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 29 نومبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ سے مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

مستحق لڑکیوں کی شادیاں ، درخواستیں مطلوب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : ڈاکٹر محمد مشتاق علی صدر انجمن فلاح معاشرہ یاقوت پورہ کے بموجب ماہ دسمبر 2018 کے آخری عشرے میں مستحق لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں کی جائیں گی ۔ مزید دو اور تین درخواستوں کی گنجائش ہے اگر کسی مستحق لڑکی ، لڑکے کا رشتہ طئے ہوچکا ہو تو دس دن کے اندر درخواستیں حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ ان شادیوں میں فی جوڑا ضروریات زندگی کا مکمل سامان تحفتاً دیا جائے گا ۔ درخواست حاصل کرنے کے لیے محمد شرف الدین قریشی معتمد اجتماعی شادیاں کا مکان واقع رحمت نگر یاقوت پورہ متصل مکان مسجد شریفہ و محمود پر رجوع ہوسکتے ہیں یا فون نمبر 9390312004 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ میلاد النبیؐ و زیارت
آثار شریف و تقسیم اسناد
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام جلسہ میلاد النبیؐ و زیارت آثار شریف و تقسیم اسناد 29 دسمبر کو مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں مقرر ہے۔ اوقات زیارت خواتین کے لیے 4 تا 6 بجے شام اور مرد حضرات کے لیے 7 تا 12 بجے شب زیارت مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء 8-30 بجے شب ریاستی سالانہ محفل نعت ہوگی ۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے ۔ قاری محمد عبداللہ صوفیانی کی قرات کلام پاک کے بعد سید انوار علی سلمان کی نعت ہوگی ۔ نگران محفل کے خطاب کے بعد مقامی و مہمان شعراء و نعت خواں حضرات نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔۔

مجلس بیسویں شریف
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : مجلس بیسویں شریف حضرت میراں سید شاہ محمد حبیب اللہ قادری تخت نشین واقع سبزی منڈی کاروان ساہو میں زیر نگرانی مولانا اکرم پاشاہ قادری 29 نومبر کو بعد نماز عصر ختم قرآن مجید بعد نماز مغرب مزارات پر گل افشانی مقرر ہے ۔ بعد ازاں بعنوان عشق رسول پر علماء و مشائخ کے خطابات ہوں گے اور محفل سماع منعقد ہوگی ۔۔

درس تفسیر قران مجید
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : سید شاہ لیاقت حسین رضوی کے بموجب جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہؒ ، مغل پورہ میں 29 نومبر کو بعد نماز مغرب حلقہ ذکر ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درس تفسیر ہوگا ۔ 29 نومبر کو مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی نگرانی کریں گے ۔ مفتی شاہ محمد فصیح الدین نظامی درس دیں گے ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت سیدنا برہان الدین شاہ قادری شہید اور حضرت سیدنا نظام الدین شاہ قادری شہید کی 21 ربیع الاول احاطہ درگاہ شریف میں آغاز ہوگا ۔ پروگرام کے مطابق 21 ربیع الاول بعد مغرب جلوس صندل قیام گاہ سجادہ نشین و متولی کنگ کوٹھی سے روانہ ہوگا ۔ جو محبوب ہوٹل ، کنگ کوٹھی ہاسپٹل سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہونچے گا ۔ عرس شریف زیر سرپرستی مولانا خواجہ سید ابو تراب شاہ قادری چشتی منایا جائے گا ۔ تبدیل غلاف مبارک پیشکشی چادر گل غسل شریف دعا سلام ہوگا ۔۔
٭٭ حضرت حسین شجاع الدین صدیقی عزت یا المعروف حسینی پاشاہ حضرت فرزند جانشین حضرت بحرالعلوم کا عرس شریف 30 نومبر اور یکم دسمبر کو صدیق گلشن بہادر پورہ میں مقرر ہے ۔ 30 نومبر کو بعد نماز عصر تا مغرب ختم قرآن و فاتحہ خوانی بعد نماز مغرب تا عشاء حلقہ ذکر و گل اندازی بعد نماز عشاء محفل سماع جبکہ یکم دسمبر بعد نماز عصر تا مغرب قصیدہ بردہ شریف بعد نماز مغرب تا عشاء گل اندازی و حلقہ ذکر بعد نماز عشاء زیارت آثار مبارک ، بعد ازاں زیر سرپرستی حضرت حافظ عبدالرزاق صدیقی خلیفہ و جانشین بحرالعلوم مراسم عرس ڈاکٹر محمد عبدالقدیر صدیقی فرزند و جانشین حضرت حسینی پاشاہؒ انجام دیں گے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بمقام خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق ؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔