مذہبي خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : پروفیسر محمد مصطفی شریف چیرمین ڈپارٹمنٹ آف عربک عثمانیہ یونیورسٹی و ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ کا ہر جمعرات کو 9 بجے شب درس قرآن مجید مکان نمبر 9-1-1/B/16، واقع ڈیفنس کالونی نزد مسجد غوثیہ ، گولکنڈہ لنگر حوض مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی مقرر ہے ۔۔

ماہانہ مجلس درود شریف برائے خواتین
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : مدرسہ بنات الصالحات تعلیم القرآن واقع ہاشم آباد میں 2 جنوری 12 تا 3 بجے دن مجالس درود شریف برائے خواتین مقرر ہے ۔ حافظہ شریفہ عائشہ نگرانی کریں گی ۔۔

آج مجلس حلقہ ذکر و فکر
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر جمعرات بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع نزد خواجہ ہوٹل تاڑبن مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات ، بزرگ نعت خواں الحاج خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا اور خصوصی دعا ہوگی ۔۔

حلقہ ذکر الہی و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : حلقہ ذکر الہی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما میں جمعرات کو بعد عشاء مقرر ہے ۔۔

مجلس فیضان حضرت خواجہ محبوب ؒ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت خواجہ محبوب احمد محبوبی 29 صفر بعد مغرب گلشن محبوب واقع نزد مسجد دادا میاں کوکا کی ٹٹی حسینی علم مقرر ہے ۔ نگرانی محمد ایوب احمد پاشاہ محبوبی کریں گے ۔ مجلس سماع ہوگی ۔۔

جلسہ میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : جلسہ میلاد النبیؐ 29 صفر جمعرات بعد نماز عشاء رشید یہ فنکشن ہال یاقوت پورہ اسٹیشن منایا جارہا ہے ۔ جلسہ سے مولانا حافظ سید بدیع الدین صابری ، مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی ، مولانا سید صغیر احمد نقشبندی ، مولانا سید مرتضی علی صوفی قادری مخاطب کریں گے ۔۔

لجنتہ العلماء کی مجلس عاملہ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد عمومی لجنتہ العلماء اے پی کے بموجب لجنتہ العلماء کی مجلس عاملہ کا اجلاس 2 جنوری جمعرات بعد نماز عشاء مدرسہ مصباح العلوم ، جامع مسجد اے بیاٹری لائن مقرر ہے ۔ مولانا ظلال الرحمن نائب صدر اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ جمیع اراکین عاملہ سے اس اہم اجلاس میں بپابندی وقت شرکت کی گذارش کی جاتی ہے ۔ جن اراکین کو دعوت نامہ نہ ملا ہو وہ اسی خبر کو دعوت نامہ سمجھ کر ضرور شرکت کریں ۔ تفصیلات کے لیے 9849196577 ۔ 9391030931 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ سیرت محسن انسانیتؐ و اتباع سنت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : حافظ سید عباد بن ذکی کے بموجب 2 جنوری جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مفتی عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمعیتہ العلماء منعقد ہے ۔ نگرانی مولانا حافظ محمد غوث رشیدی کریں گے ۔ مہمان مقرر علامہ محمد یامین مبلغ دارالعلوم دیوبند ہوں گے ۔۔

مجلس غوثیہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : درگاہ شریف حضرت جہانگیر پیراںؒ خانقاہ نورانی قادری باغ میں ماہانہ مجلس غوثیہ 2 جنوری کو مقرر ہے ۔ نگرانی الحاج سید شاہ مختار حسین قادری کریں گے ۔ بعد نماز ظہر ختم القرآن مجید محفل درود شریف و ختم قادریہ ہوگا ۔۔

ہفتہ واری اجتماع
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 2 جنوری بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات و نعت شریف کے بعد مولانا محمد فاروق قادری کا خطاب ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری اس اجتماع کی قیادت کریں گے ۔۔

حمیدیہ میں 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) اور انتظامیہ درگاہ حضرت تاج العرفاء شرفی چمن سبزی منڈی کے زیر اہتمام سالانہ 26 روزہ محافل یکم تا 26 ربیع الاول روزانہ صبح 8 بجے تا ساڑھے نو بجے بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ شریف حضرت تاج العرفاء منعقد ہوں گی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائرکٹر آئی ہرک ، مولانا سید محمد سیف الدین حاکم کے علاوہ نگران محفل مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ استقبال ماہ ربیع الاول
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( راست ) : جلسہ استقبال ماہ ربیع الاول 2 جنوری جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیص اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی قادری افتتاحی خطاب بعنوان ’ استقبال ماہ ربیع الاول ‘ کریں گے ۔۔

میلاد النبیؐ کے موقع پر مسابقتی نمائشی مظاہروں اور فضول خرچی سے بچنے کا مشورہ
مظفر نگر متاثرین کی مدد اور دعوت دین کا کام انجام دینے علماء و مشائخین کی اپیل کا خیر مقدم
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : جناب محمد امان اللہ ، مجاہد ہاشمی صدر و معتمد سید عبید قادری ایڈوکیٹ خازن عوامی مجلس عمل و سجادہ نشین درگاہ حضرت سید عبد الوہاب قادری سید علی گوڑہ نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ گذشتہ چند سالوں سے میلاد النبیؐ کے موقعہ پر انتہائی پر جوش انداز میں تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں غیر ہدایت اقوام سے مسابقتی کوششیں و نمائشی مظاہرے کیے جارہے ہیں جس کا شریعت اسلامی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس انداز سے راستے کے حقوق کی خلاف ورزی لاوڈ اسپیکر کے استعمال سے پہنچنے والی تکلیف اور اسلام کا غلط پیام اوروں میں پہنچنے والے امور سے بچنے کے لیے شہر کے مشہور علماء کرام مشائخین و مفتیان کی عامتہ المسلمین سے بروقت اپیل کا عوامی مجلس عمل تہہ دل سے خیر مقدم کرتی ہے اور آئمہ خطیبوں اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داروں سے گذارش کرتی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں اس اپیل پر عمل آوری کی صورت گری کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں ۔

اس موقعہ پر کسی سیاسی و شخصی تشہیر کا ذریعہ بننے نہ دیں اور وہ حضرات جو اس موقعہ کو ملت اسلامیہ میں مسلکی و فروہی اختلافات کی خلیج بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں اس کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ۔ بلکہ اس موقع پر ایک اللہ ایک رسولؐ ایک قرآن ایک قبلہ ایک کلمہ کو بنیاد بناکر ملت واحدہ کے احساس و رشتے کو مضبوط بنائیں ۔ اس لیے ہم مظفر نگر کے ان لٹے پٹے بھائیوں کی مدد کریں ۔ فضول خرچ کرنے والوں کو اللہ نے فرمایا : ’ بے جا خرچ کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں ‘ اسی نبی کی محبت میں ہم اسی نبیؐ پر ایمان رکھنے والے بھائیوں کی مدد کریں ۔ اس موقع پر جابجا طعام عام کا اہتمام کرنے کے بجائے غریب مفلوک الحال لوگوں کی مدد کریں اور غیر مسلم بھائیوں میں اسلامی لٹریچر بالخصوص اپنے پڑوسیوں میں تقسیم کریں ۔ بس اسٹانڈس اور عوامی مقامات میں لٹریچر تقسیم کیا جانا چاہئے اور غریب ضرورت مند مریضوں کی مدد کے لیے بلڈ ڈونیشن ، خون کے عطیہ کیمپ منعقد کریں ۔۔