مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے مایا وتی نے کانگریس کی حمایت کا کیا اعلان

بہوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) کی سربراہ مایا وتی نے پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج آنے کے بعد پریس کانفرنس کی ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بی ایس پی نے کانگریس اور بی جے پی دونوں سے مقابلہ کیا ہے ۔ مایا وتی نے کہا کہ بی ایس پی مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حمایت کررہی ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ لوگ بی جے پی کی پالیسی سے ناراض تھے ، اس وجہ سے نہیں چاہتے ہوئے بھی لوگوں نے کانگریس کا انتخاب کیا ۔

بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ نتائج دکھاتے ہیں کہ راجستھان ، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش ریاستوں میں لوگ پوری طرح سے بی جے پی کے خلاف تھے ۔ بڑے متبادل موجود نہیں ہونے کی حالت میں عوام نے کانگریس کو منتخب کیا ۔

مایا وتی نے کہا کہ کئی ایشو پر ہمارے اور کانگریس کے نظریات ایک نہیں ہیں ، لیکن ہم انہیں حمایت دیں گے ۔ اگر راجستھان میں ضرورت پڑی تو بی ایس پی وہاں بھی کانگریس کو حمایت دے گی ۔ ساتھ ہی مایا وتی نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس نے ایس سی ایس ٹی کیلے کچھ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس غیر ہے ، لیکن بیر نہیں ہے ۔ کانگریس راج میں دلتوں کا بھلا نہیں ہوا ، اس لئے ہم نے بی ایس پی بنائی ۔