مختلف مشروبات سے موٹاپے کو دور بھگائیں

سافٹ ڈرنکس اور شکر سے بھرپور مشروبات اگرچہ زبان پر تو اچھے لگتے ہیں لیکن صحت پر ان کے مضر اثرات کے ساتھ ساتھ یہ موٹاپے کی وجہ بھی بنتے ہیں۔ ان شربتوں میں موجود کیمیائی اجزا ذیابیطس اور امراضِ قلب کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔ اگر آپ وزن کم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو رمضان المبارک کے روزے اس میں بہت مدد کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ آپ وزن کم کرنے والے مشروبات کے استعمال سے بدن میں چکنائی کم کر کے موٹاپے سے نجات کی جانب بڑھ سکتے ہیں کیونکہ غذا کے ساتھ مشروبات بھی صحت پر یکساں اثر انداز ہوتے ہیں۔ اب غذائی ماہرین ایسے مشروبات پینے کا مشورہ دے رہے ہیں جو ذائقے میں عمدہ، پیاس بجھانے میں لاجواب اور پورا دن آپ کو تروتازہ رکھتے ہیں۔ تربوز کا شربت: تربوز ایک جادوئی پھل ہے جو بلڈ پریشر، دل کے امراض سے بچانے کے ساتھ ساتھ وزن بھی کم کرتا ہے۔ تربوز میں پانی کی غیر معمولی مقدار جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتی ہے۔ اس میں موجود امائنو ایسڈ صحت پر بہت مثبت طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس میں موجود ایک جزو لائسوپین کینسر پیدا ہونے سے روکتا ہے۔ تربوز میں موجود اجزا وزن کم کرتے ہیں لیکن صحت پر کوئی منفی اثر نہیں ہوتا۔ پودینے کی چائے: پودینہ بہت سے فائدہ مند اجزا کا ایک خزانہ ہے اور پیٹ کم کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ معدے کو طاقت دیتا ہے اور ہاضمے کو موثر بناتا ہے جس کے بعد معدہ غذا کو اچھی طرح ہضم کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ پودینے کی چائے میں اگر دارچینی بھی شامل کی جائے تو اس سے شوگر ہونے کا خطرہ بہت حد تک ٹل جاتا ہے اور اس کا باقاعدہ استعمال پھولے ہوئے پیٹ کو کم کرتا ہے۔ اگر گرم چائے کا ذائقہ اچھا نہ لگے تو اس میں برف شامل کر کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انناس کا جوس: انناس کو جوسر میں ڈال کر اس کا بغیر دودھ کا شیک بنا لیجئے جسے اسمودی کہا جاتا ہے۔ اس میں موجود اینزائم بروملین پیٹ میں موجود غذا کو فوری طور پر ہضم کرتے ہیں اور پیٹ کے گھیراؤ کو کم کرتے ہیں۔ اگر کسی طرح اس میں السی (فلیکس سیڈ) کا چمچہ بھر تیل شامل کر دیا جائے تو اس کا فائدہ دو چند ہو سکتا ہے۔ سبز چائے: سبز چائے دل کے امراض، کینسر اور وزن کم کرنے میں بہت معاون ثابت ہو سکتی ہے اور طویل تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اجزا چربی گھلاتے ہیں اور وزن کم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سبز چائے میں کئی معدنیات اور جسم کے لیے انتہائی مفید اجزا موجود ہوتے ہیں۔ پانی کو نظر انداز نہ کیجئے پانی میں جسم کے سینکڑوں افعال کو منظم اور انسان کو چاق و چوبند رکھتا ہے۔ اگر ہر کھانے سے قبل ایک گلاس پانی پیا جائے تو اس کے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوتے ہیں اور اگر میز پر ایک جانب کئی سافٹ ڈرنکس رکھی ہوں اور دوسری جانب سادہ پانی ہو تو آپ پانی کی جانب ہاتھ بڑھائیے۔ یاد رکھئے ٹھنڈا پانی بھی جسم کے اندر کئی مثبت اثرات کا باعث بنتا ہے اسی لیے بہت پانی پیجئے اور پورا دن اس کا استعمال رکھئے۔