محکمہ پولیس میں می ٹو مہم : ۲۵؍ خواتین ہوم گارڈس کا سینئر پولیس افسران پر جنسی تشدد کا الزام

سورت : گجرات کے شہر سورت میں ۲۵؍ خواتین ہوم گارڈوں نے دو سینئر افسروں کے خلاف جنسی تشدد کا الزام لگایا ہے ۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خواتین نے کہا کہ یہ افسران جسمانی تعلقات بنانا چاہتے ہیں ۔ سٹی پولیس کمشنر ستیش شرما کے خلاف شکایت درج کروانے پہنچی خواتین نے دونوں ہی سینئر ہوم گارڈ افسران پر جسمانی ، ذہنی ، جذباتی او رمالی تشدد کا الزام لگایا ہے۔اس کے ساتھ وہ ان کے ساتھ جسمانی تعلقات بنانے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں ۔

ان ہوم گارڈوں خواتین نے کہا کہ اعلی افسران کسی خاص جگہ ٹرانسفر کروانے کیلئے بھی رقم کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ ان خواتین میں سے ایک خاتون نے کہا کہ اگر کوئی خاتون رقم نہیں دے سکی تو وہ اسے دور دراز مقام پر اس کا ٹرانسفر کردیتے ہیں۔ ان خواتین نے کہا کہ کچھ اعلی افسران خواتین ہوم گارڈ کی یونیفارم ٹھیک کرنے کے بہانے غلط جگہ ہاتھ لگا یا کرتے ہیں ۔ ان خواتین نے کہا کہ بہت سی خواتین سے گھر کا کام کاج بھی کروایا جاتا ہے ۔

سٹی کمشنر پولیس ستیش شرما نے کہا کہ شکایت کے مطابق کام کی جگہ پر جنسی تشدد یعنی پوکسو ایکٹ کے تحت ایک لوکل کمپین کمیٹی بنائی گئی ۔یہ وزیر داخلہ پردیپ سنگھ جڈیجہ او روزیر اعلی وجئے روپانی کوبھی بھیجی گئی ہے ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ یہ معاملہ ہم پولیس ڈپارٹمنٹ کونہیں بھیج سکتے کیونکہ اس کوپولیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔