محبوبہ مفتی کی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات

نئی دہلی۔ 27فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے آج یہاں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست میں سیکورٹی کی صورت حال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔سرکاری ذرائع کے مطابق محترمہ مفتی وزیر داخلہ سے ملاقات کے لئے صبح ان کی رہائش گاہ پر پہنچیں اور انہیں ریاست کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی جانکاری دی۔جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسیز پر پتھراو کے واقعات میں ملوث لوگوں کے مقدمات واپس لینے کا عمل شروع ہونے کے بعد وزیر اعلی کی مرکزی وزیر داخلہ سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ پتھربازی کے واقعات میں ملوث لوگوں کے خلا ف مقدمات واپس لینے کو ریاست میں صورت حال معمول پر لانے کی سمت میں بڑے قدم کے طورپر دیکھا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق دونوں لیڈروں نے وادی میں سلامتی کی صورت حال اور دہشت گردانہ تشدد کے واقعات سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بار ے میں بھی بات چیت کی۔ ریاست کے تمام طبقات کے ساتھ بات چیت کے لئے مقرر مرکز کے مذاکرات کار دنیشور شرما کی میٹنگوں کے پس منظر میں بھی صورت حال کو معمول پر لانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شمالی کشمیر میں غیرملکی کی نعش برآمد
علاقہ حاجن میں ہڑتال
سری نگر۔ 27فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں منگل کی صبح لشکر طیبہ سے وابستہ غیرملکی جنگجو کی نعش برآمد کی گئی۔ مذکورہ جنگجو پیر کو حاجن کے بونہ محلہ میں سیکورٹی فورسز کیساتھ مسلح تصادم کے دوران زخمی ہوکر فرار ہوا تھا۔ اس کی موت ہوجانے کے خلاف حاجن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں منگل کو ہڑتال کی گئی جس کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر پورے ضلع بانڈی پورہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔