مجلسی فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا ۔ 

حیدرآباد : مجلس اتحاد المسلمین کے فلور لیڈر اور چندرائن گٹہ کے رکن اسمبلی اکبرا لدین اویسی نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا ہے ۔ جب انہیں اس بات کا یقین ہوگیا کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے ان کے پارٹی کے امیدوار اسد الدین اویسی کا راستہ صاف ہوگیاہے ۔

واضح رہے کہ اکبر الدین اویسی نے بھی اپنی پارٹی کے حلقہ حیدرآباد کے لوک سبھا امیدوار اور پارٹی صدر اسد الدین اویسی کی حمایت و تائید کیلئے اپنے پارٹی صدر اسد اویسی کی ہدایت پر حلقہ حیدرآباد سے لوک سبھا انتخابا ت کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ تا کہ اگر کسی وجہ سے اسد اویسی کا پرچہ نامزدگی مسترد کردیا جائے تو اکبر اویسی پارٹی کے امیدوار بن جائیں گے۔

لیکن اب انہیں یقین ہوگیا کہ ا ب مسترد کئے جانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اس لئے انہوں نے ا پنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا ہے ۔ مقامی انگریزی اخبار دکن کرانیکل میں شائع شدہ خبر کے مطابق جملہ ۲۴؍ امیدواروں نے حیدرآباد لوک سبھا سے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا ۔ جانچ پڑتال اور تنقیح کے بعد ان میں سے پانچ امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا گیا اوربشمول اکبر الدین اویسی کے چار امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا ہے ۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں بی جے پی سے بھاگوت راؤ پوار ، کانگریس پارٹی سے محمد فیروز ، ٹی آر ایس سے پشت سری کانت اور مجلس اتحاد المسلمین سے اسد الدین اویسی امیدوار ہیں ۔