مجالس مقامی انتخابات ‘ آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی

زیڈ پی ٹی سی کی 179 اور ایم پی ٹی سی کی 1850 نشستوں کیلئے پولنگ ہوگی

حیدرآباد 9 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کل جمعہ کو رائے دہی ہوگی ۔ ریاست میں زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات کا کل دوسرا مرحلہ ہوگا ۔ کل جمعہ کو صبح 7 بجے سے شام پانچ بجے تک رائے دہی ہوگی جبکہ بائیں بازو کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں رائے دہی کا عمل صبح سات بجے شروع ہوگا اور شام 4 بجے مکمل ہوجائیگا ۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے یہ بات بتائی ۔ ریاست میں زیڈ پی ٹی سی کی جملہ 179 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جن میں 805 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں 162 آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایم پی ٹی سی کی 1850 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جن میں 6,146 امیدوار میدان میں ہیں۔ قبل ازیں ایم پی ٹی سی کی 63 اور زیڈ پی ٹی سی کی ایک نشست کیلئے اتفاق رائے سے انتخاب عمل میں آچکا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے گذشتہ مہینے 5,617 ایم پی ٹی سی اور 539 زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے انتخابات کا اعلان کیا تھا جبکہ پہلے مرحلے میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے گئے تھے ۔ دوسرے مرحلہ میں 10 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ رائے دہی کا تیسرا مرحلہ 14 مئی کو منعقد ہونے والا ہے ۔ مجالس مقامی کے ان انتخابات کیلئے 1.56 کروڑ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل قرار پائے ہیں۔ عہدیداروں نے پہلے ہی مطلع کردیا ہے کہ رائے دہی بیالٹ پیپرس پر ہورہی ہے اور ووٹوں کی گنتی کا کام 27 مئی کو ہونے والا ہے ۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے بعد ایم پی پی اور زیڈ پی پی ارکان کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائیگا ۔ ریاست میں ڈسمبر 2018 میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تھے جبکہ پنچایت انتخابات جنوری میں منعقد ہوئے تھے ۔ لوک سبھا کی 17 نشستوں کیلئے ریاست میں 11 اپریل کو ووٹ ڈالے گئے ہیں۔