ماضی کی نامور اداکارہ سادھنا کا انتقال

ممبئی 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ماضی کی بالی ووڈ اداکارہ سادھنا جنھوں نے برسوں قبل کسی انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’’وہ اپنے تمام دوستوں کے ساتھ کرسمس کا تہوار بڑے زور و شور سے مناتی ہیں‘‘ لیکن 2015 ء کا کرسمس اُن کی موت کا پیغام لے کر آیا۔ سادھنا عرصہ دراز سے بیمار تھیں اور حالیہ دنوں میں اُن کے منہ کے کینسر کے لئے ایک طویل آپریشن بھی کیا گیا تھا۔ سادھنا کو اُن کے بالوں کے اسٹائیل ’’سادھنا کٹ‘‘ کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 74 سالہ سادھنا نے اپنا فلمی کیرئیر سبودھ مکرجی کی فلم لو اِن شملہ سے کیا تھا اور اسی فلم کے ہیرو جوائے مکرجی کی بھی وہ پہلی فلم تھی۔ البتہ اُنھیں فلم ’’ایک مسافر ایک حسینہ‘‘ سے صحیح پہچان ملی۔ اُنھوں نے 1960 ء کے دہے کے مشہور ڈائرکٹر آر کے نیر سے شادی کی تھی لیکن اُن کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ آر کے نیئر کا انتقال ہوئے عرصہ گزر چکا ہے۔ سادھنا شیودیسانی (جو سندھی تھیں اور پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں) کی مشہور فلموں میں میرے محبوب، آرزو، میرا سایہ، انیتا، وہ کون تھی، غبن اور وقت تھیں۔ اُنھوں نے فلم گیتا میرا نام کا ڈائرکشن بھی دیا تھا جن میں اُن کے ساتھ اداکار فیروز خان اور سنیل دت تھے۔ اُنھوں نے راجندر کمار، سنیل دت، منوج کمار، جوائے مکرجی، راجیش کھنہ اور دیوآنند جیسے چوٹی کے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کی اُن کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ حالانکہ 70 ء کے دہے میں فلم سنگھرش کا جس وقت اعلان ہوا تھا اُس وقت دلیپ کمار کے ساتھ ہیروئن کے طور پر سادھنا کے نام کی تشہیر کی گئی تھی لیکن بعد میں اُن کی جگہ وجینتی مالا آگئیں۔ اُن کی آخری رسومات کے بارے میں خاندانی ذرائع نے ہنوز کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔