ماحولیاتی چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے مودی کی پیرس آمد

عالمی حدت تشویشناک ، مسئلہ سے نمٹنا سب کی ذمہ داری
پیرس /نئی دہلی۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی آج پیرس پہونچ گئے جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلی پر عالمی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں اس بات پر زور دیا تھا کہ عالمی حدت کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کام کرنا سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ مودی نے اپنی روانگی سے قبل ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’پیرس روانہ ہورہا ہوں جہاں میں COP21 میں شرکت کررہا ہے۔ چوٹی کانفرنس میں ہم ماحولیات اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہم مسائل پر گفت و شنید کریں ہوں‘‘۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ اور فرانس کے صدر فرینکوئی اولاند، بین الاقوامی شمسی سمجھوتہ کے بارے میں ایک مشترکہ اجلاس کی میزبانی بھی کررہے ہیں۔ وزیراعظم مودی تجدیدی مشن پر صدر امریکہ بارک اوباما کی میزبانی میں منعقد شدنی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ پیرس روانگی سے قبل مودی نے ’من کی بات‘ میں کہا کہ ’’ماحولیاتی تبدیلی سے ساری دنیا پریشان ہے۔ ہر طرف اس مسئلہ پر بحث جاری ہے۔ تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔ کرۂ ارض کے درجہ حرارت میں اب مزید اضافہ نہیں ہونا چاہئے۔ یہ سب کی تشویش ہے اور سب کی ذمہ داری ہے‘‘۔