ماؤں کو اپنی صحت پر توجہ دینے کی فرصت نہیں

ایک سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مائیں اپنے گھر اور بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ہفتے میں 70 گھنٹے کام کرتی ہیں جس میں انہیں کوئی چھٹی بھی نصیب نہیں ہوتی اور نہ ہی کسی قسم کا معاوضہ ادا کیا جاتا ہے ۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک روایتی ماں جونئیر ڈاکٹروں سے زیادہ طویل شفٹوں میں کام کرتی ہے اور گھریلو کام کاج میں اسے روزانہ دس گھنٹے مصروف رہنا پڑتا ہے ۔

ایک تہائی مائیں رات کو چھ گھنٹے سے بھی کم سوپاتی ہیں اور 83 فیصد ماؤں نے شکایت کی ہے کہ انہیں اپنے آپ پر توجہ دینے یا صحت کا خیال رکھنے کیلئے روزانہ ایک گھنٹہ سے بھی کم وقت ملتا ہے ۔ ہر چھ میں سے صرف ایک خاتون نے اپنی موجودہ طرز زندگی پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن ان خواتین میں سے آدھی نے خیال ظاہر کیا کہ اگر انہیں مزید ایک گھنٹہ اپنی صحت اور تندرستی پر توجہ دینے کی فرصت مل جائے تو وہ خود کوخوش نصیب سمجھیں گی ۔ سروے کے دوران ماؤں نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ وقت گھر کی صفائی ستھرائی اور کھانا پکانے میں خرچ کرنا پڑتا ہے ۔

ان میں سے ہر ایک کام کیلئے یومیہ اوسطاً ایک گھنٹہ اور 9 منٹ صرف کرنا ہوتے ہیں ۔ بعد ازاں بچوں کو نہلانے دھلانے اور صاف ستھرا رکھنے میں ان کے 63 منٹ اور پھر گندے کپڑوں کی دھلائی میں مزید 61 منٹ خرچ ہوتے ہیں ۔ بچوں کو تیار کرکے اسکول یا نرسری بھیجنے میں 55 منٹ ،انہیں بستر پر سلانے میں 53 منٹ ہوم ورک میں ان کی مدد کرنے کیلئے مزید 47 منٹ وقف کرنے ہوتے ہیں ۔ یہ سروے موبائیل فون کے ذریعہ کیا گیا تھا اور اس میں ایسی 3 ہزار ماؤں کو شریک کیا گیا تھا ۔ جن کے گھروں میں 16 سال سے کم عمر کم از کم ایک بچہ موجود تھا جن ماؤں سے سوالات کئے گئے تھے ۔

ان میں سے زیادہ تر تنخواہوں والی کل وقتی یا جزوقتی ملازمت بھی کر رہی تھیں ۔محققین نے تخمینہ لگایا ہے کہ ایک اوسط ماں گھر کی صفائی ستھرائی ، کھانا پکانے اور دیگر کام کاج میں جو وقت صرف کرتی ہے اسے ان کاموں کے عوض ادائیگی کی موجودہ شرح کے لحاظ سے سالانہ 37 ہزار پاؤنڈ ملنے چاہئیں کیونکہ اگر ان ہی کاموں کیلئے آیا ، ماسی اور ٹیوٹر رکھے جائیں تو ان کا سالانہ معاوضہ بھی تقریباً اتنا ہی بنے گا ۔ اگر آپ کے گھر میں کوئی کم عمر بچہ ہوتو آپ کو مسلسل مصروف رہنا پڑتا ہے اور یہ وہ کام ہے جس کیلئے نہ ماؤں کا کبھی شکریہ ادا کیا جاتا ہے اور نہ ہی ان کی ان عظیم خدمات کا جھوٹے منہ اعتراف کیا جاتا ہے ۔ دور جدید کی ماؤں پر زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کا بہت زیادہ دباؤ ہے ۔ اسی دباؤ کی وجہ سے انہیں اپنے آپ پر اور اپنی صحت پر بھی خاطر خواہ توجہ دینے کا موقع نہیں ملتا ۔