لڑائی ختم ہوچکی ہے ، مودی جی آپ کے اعمال آپ کا انتظار کررہے ہیں

راجیو گاندھی پر وزیراعظم کے سخت ریمارکس پر راہول گاندھی کا محبت کے ساتھ جوابی وار

نئی دہلی ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آپنے والد راجیو گاندھی کے خلاف ’بھراشٹا چاری نمبر 1 ‘ (رشوت خور نمبر 1 ) ریمارک کا جواب ’محبت اور احترام‘ کے ساتھ دیا ۔ وزیراعظم مودی نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران ریمارک کیا تھا کہ راجیو گاندھی کی زندگی ایک نمبر کے رشوت خور کی حیثیت سے ختم ہوئی تھی ۔ مودی کے ان ریمارکس کے جواب میں کانگریس کے صدر نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’ مودی جی ، اب لڑائی ختم ہوچکی ہے ۔ آپ کے اعمال آپ کا انتظار کررہے ہیں ۔ میرے والد کے بارے میں آپ کے اندرونی خیالات آپ کو نہیں بچاسکتے ۔ (جس کے باوجود) میری تمام تر محبت آپ کے ساتھ ہے اور میں آپ کو گلے لگاتا ہوں ۔ واضح رہے کہ مودی نے ہفتہ کے روز راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے سابق وزیراعظم (راجیو گاندھی) پر تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’ آپ کے والد کو ان کے درباری اکثر مسٹر کلین کہا کرتے تھے ۔ لیکن ایک نمبر کے رشوت خور کی حیثیت سے ان کی زندگی ختم ہوئی تھی ‘‘ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا مقصد صرف ان (مودی) کا امیج متاثر کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیکن صرف بدکلامی کے ذریعہ مودی کی 50 سال طویل تپسیا مٹی میں نہیں ملائی جاسکتی ‘ ۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ ’میری شبیہہ بگاڑکر اور مجھے چھوٹا دکھاکر یہ لوگ ملک میں ایک غیر مستحکم اور کمزور حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں ‘ ۔