لوک سبھا انتخابات کا آج پانچواں مرحلہ

راجناتھ سنگھ ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور سمرتی ایرانی اہم امیدوار ، 51حلقوں کیلئے پولنگ

نئی دہلی ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ کا کل انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ 674 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ تقریباً 9 کروڑ روپئے دہندے کریں گے ۔ اس مرحلہ میں اہم امیدوار راجناتھ سنگھ ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور سمرتی ایرانی شامل ہیں ۔ 7 ریاستوں میں 51 لوک سبھا حلقوں کیلئے کل پولنگ ہوگی ۔ ان انتخابات میں حکمراں بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کیلئے شدید ٹکر کی لڑائی ہے جبکہ بی جے پی نے 2014 ء میں ان حلقوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی اور 40 نشستیں حاصل کی تھیں اور کانگریس کے حق میں صرف دو نشستیں چھوڑی تھیں ۔ اترپردیش میں 14 حلقوں کیلئے ، راجستھان میں 12 ، مغربی بنگال میں 7 ، مدھیہ پردیش میں 7 ، بہار میں 5 ، جھارکھنڈ میں 4 اور جموں و کشمیر کے 4 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے 94 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں ۔ اس مرحلہ کی پولنگ کے ساتھ ہی 424 نشستوں پر انتخابات مکمل ہوجائیں گے ۔ ماباقی 118 نشستوں کیلئے /12 اور /19 مئی کو پولنگ ہوگی ۔ اترپردیش میں بی جے پی کو اس مرتبہ بی ایس پی اور ایس پی مہاگٹھ بندھن کی وجہ سے سخت مقابلہ کا سامنا ہے جبکہ کانگریس تنہا مقابلہ کررہی ہے ۔ سونیا گاندھی رائے بریلی اور راہول گاندھی امیتھی سے امیدوار ہیں جبکہ راجناتھ سنگھ لکھنو سے دوبارہ انتخاب لڑرہے ہیں ۔مغربی بنگال میں 7 لوک سبھا حلقوں کیلئے رائے دہی ہورہی ہے جہاں 4 رخی مقابلہ ہے ۔ یہاں پر ترنمول کانگریس ، بی جے پی ، کانگریس اور سی پی ایم کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔